مدارس صرف مذہبی تعلیم کے مراکز نہ رہیں، جدید مضامین پر بھی توجہ دی جائے: یوگی
27
M.U.H
25/04/2025
لکھنؤ: اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے مدرسہ تعلیمی نظام میں جامع اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مدارس کو محض مذہبی تعلیم کے مراکز نہ بننے دیا جائے، بلکہ وہاں زیر تعلیم طلبہ کو جدید مضامین اور روزگار سے جڑی تعلیم بھی فراہم کی جائے۔
ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں جمعہ کو مدارس کے نظام تعلیم کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی ترجیح ہر طالب علم کا روشن مستقبل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ تعلیم کو شفاف، معیاری اور روزگار دوست بنانے کی ضرورت ہے۔ مقصد صرف اصلاح نہیں بلکہ اختراعات اور شمولیت کے ذریعے مدرسہ تعلیم کو مرکزی دھارے میں لانا ہے تاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو مساوی اور معیاری تعلیم حاصل ہو سکے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے کامل (بی اے سطح) اور فاضل (ایم اے سطح) کی ڈگریوں کو غیر آئینی قرار دیے جانے کے بعد کئی چیلنجز کھڑے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے نصاب میں نئی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق تبدیلی اور اس کے مطابق اساتذہ کی اہلیت میں بھی اصلاحات کی ضرورت بتائی۔ ساتھ ہی اساتذہ کی تقرری کے عمل کو بھی شفاف بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے تجویز دی کہ اقلیتی بہبود کے ڈائریکٹر کی صدارت میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے، جس میں بنیادی، ثانوی، مالیات، قانون اور اقلیتی بہبود کے محکموں کے خصوصی سیکریٹری بطور رکن شامل ہوں۔ یہ کمیٹی مدارس کے بہتر انتظام، اساتذہ کی ملازمت کے تحفظ اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے تجاویز دے گی۔
اجلاس میں اقلیتی بہبود اور اوقاف کے محکمے نے مدارس کی موجودہ صورتحال، اہم چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی۔ وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ ریاست میں اس وقت 13,329 تسلیم شدہ مدارس فعال ہیں جن میں تقریباً 12 لاکھ 35 ہزار طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ان میں سے 561 مدارس کو حکومت کی جانب سے مالی امداد حاصل ہے۔
وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ مدرسہ پورٹل کی شروعات اگست 2017 میں کی گئی تھی جس سے تمام کام آن لائن ہو گئے ہیں۔ اب تک 19,123 مدارس نے رجسٹریشن کرایا، جن میں سے 13,329 مدارس کی تصدیق ہو چکی ہے۔ امتحانات، سرٹیفیکیٹ اور دیگر عمل اس نظام کے تحت شفاف ہو گئے ہیں۔
تاہم، مدرسہ بورڈ امتحانات میں شرکت کرنے والے طلبہ کی تعداد میں کمی تشویشناک ہے۔ 2016 میں 4.22 لاکھ طلبہ امتحان میں شامل ہوئے تھے جبکہ 2025 میں یہ تعداد صرف 88,082 رہ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے اسے غور طلب قرار دیا اور بہتری کی ہدایت دی۔
اب مدرسہ بورڈ صرف مولوی/منشی (ثانوی) اور عالم (سینئر ثانوی) سطح کے امتحانات منعقد کرا رہا ہے۔ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ایس سی ای آر ٹی کا نصاب نافذ کیا گیا ہے، جبکہ جماعت 9 سے 12 تک یو پی بورڈ کے مطابق نصاب نافذ کرنے کا عمل جاری ہے۔ نصاب میں مذہبی مضامین کے ساتھ ریاضی، سائنس، سماجی علوم، ہندی اور انگریزی جیسے جدید مضامین بھی شامل کیے جا رہے ہیں۔