ایران کے ساتھ معاہدے کا حصول ٹرمپ کی ترجیح ہے: امریکی وزیر خارجہ کا دعویٰ
8
M.U.H
15/02/2026
تہران: امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کا حصول صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اولین ترجیح ہے۔
مارکو روبیو نے میونخ سیکورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا ترجیحی آپشن ایران کے ساتھ معاہدہ کرنا ہے، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ معاہدے تک پہنچنا بہت مشکل ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اقوام متحدہ کا "تنازعات کے حل میں کوئی کردار نہیں ہے۔"
ایران سے متعلق روبیو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے گزشتہ روز تضاد بیانی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایران کے خلاف اپنے فرسودہ دعوؤں اور دھمکیوں کو ایک بار پھر دوھرایا ہے۔
ٹرمپ نے جمعہ کو شمالی کیرولائنا میں قائم امریکی فوجی اڈے میں تقریر میں کہا کہ ان (ایران) کے ساتھ معاہدہ کرنا انتہائی سخت اور دشوار ہے۔
خود کو امن کا صدر سمجھنے والے امریکی صدر نے بعدازاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنی دھمکیوں کو پھر دوھرایا اور ایران پر اقدام نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔
واضح رہے کہ ایران پر حالیہ مذاکرات میں سختی سے کام لینے کا الزام لگانے والے امریکی صدر نے رواں سال جون میں اس وقت اسرائیل کے ساتھ ملکر ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔