اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر حاکمیت کا کوئی حق حاصل نہیں: سعودی عرب
6
M.U.H
16/02/2026
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے قابض صیہونی ریجیم کی جانب سے مغربی کنارے کی اراضی کو "ریاستی ملکیت" میں تبدیل کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کی اور اسے ایک ایسا غیر قانونی فعل قرار دیا ہے کہ جس کا کوئی قانونی جواز نہیں۔ عرب چینل الجزیرہ کے مطابق اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ قابض صیہونی ریجیم کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر حاکمیت کا کوئی حق حاصل نہیں اور سعودی عرب ان سب علاقوں میں اسرائیل کے تمام غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کرتا ہے۔ اپنے بیان میں ریاض نے اعلان کیا کہ یہ فیصلہ مغربی کنارے میں ایک نئی قانونی و انتظامی مساوات کو مسلط کرنے کے گھناؤنے صیہونی منصوبوں کا حصہ ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے خبردار کیا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف خطے بھر میں جاری امن و استحکام کے حصول کے عمل کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ اور دیرپا حل کے حصول میں بھی سنگین رکاوٹیں ڈالتے ہیں۔ اپنے بیان کے آخر میں سعودی وزارت خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیل کی حاکمیت کو کسی طور تسلیم نہیں کرتی۔