عرب ممالک کبھی بھی ایران سے جنگ نہیں چاہتے تھے: عرب لیگ کے سربراہ ابوالغیط
7
M.U.H
29/04/2026
تہران: عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے کہا ہے کہ عرب ممالک کبھی بھی ایران کے ساتھ جنگ کے خواہاں نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ علاقے میں عدم استحکام کی جڑ، فلسطین اور عرب ملکوں کی سرزمینوں پر صیہونی حکومت کا غیرقانونی قبضہ ہے۔
احمد ابوالغیط نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ایشیا اس وقت شدید کشیدگی کا شکار ہے اور ان کے بقول اس کا عرب حصہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بقول ان کے عرب ممالک ایران کے ساتھ ہرگز جنگ کے خواہاں نہیں تھے اور ان میں بعض ملکوں نے جنگ کو روکنے کی بھی کوشش کی۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے ایران پر امریکہ اور صیہونی حکومت کی جارحیت میں بعض عرب ملکوں کی سرزمینوں اور وسائل کے استعمال کو نظرانداز کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کوششوں کے باوجود، عرب ممالک ایران کے حملوں سے محفوظ نہیں رہ سکے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور سلامتی کونسل کو اس بحران کے حقیقی جڑ یعنی صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطین اور دیگر عرب ملکوں کی سرزمینوں پر ناجائز قبضے پر توجہ دینا چاہیے۔