جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل کا بیروت کے جنوبی مضافات پر حملہ
8
M.U.H
07/06/2026
غاصب اسرائیلی رژیم نے جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کرتے ہوئے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے (ضاحیہ) پر فضائی حملہ کیا۔
اسرائیلی رژیم نے جنگ بندی معاہدے کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے چند لمحے قبل بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے ضاحیہ پر بمباری کی۔
اسرائیلی ذرائع کے مطابق تل ابیب نے اس کارروائی سے قبل واشنگٹن کو اعتماد میں لیا تھا۔ اسرائیلی میڈیا کا دعوی ہے کہ حملہ حساس سیاسی اور سکیورٹی رابطوں کے تحت کیا گیا، جبکہ موجودہ اندازوں کے مطابق ایران کی جانب سے فوری براہ راست ردعمل متوقع نہیں ہے۔
وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل حزب اللہ کی کارروائیوں کو برداشت نہیں کرے گا اور اس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔
اسرائیلی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ حملے میں حزب اللہ کے ایک اہم کمانڈ یا آپریشن سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اس بارے میں آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر صور اور اس کے اطراف کے علاقوں کے رہائشیوں کو فوری انخلا کی وارننگ جاری کر دی ہے۔
اسی دوران لبنانی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ النبطیہ کے علاقے میں اسرائیلی جنگی طیاروں کے خلاف زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل داغا گیا، جس سے خطے میں فوجی کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔