اودے پور میں ٹیلر کا بہیمانہ قتل، ملزمین گرفتار، علاقہ میں کشیدگی، انٹرنیٹ بند، پولیس الرٹ موڈ پر
2562
m.u.h
29/06/2022
اودے پور : راجستھان کے اودے پور میں منگل کو ایک ٹیلر کا بے رحمانہ طریقہ سے قتل کردیا گیا ۔ قاتل گراہک بن کر دکان میں داخل ہوئے تھے ۔ دکان میں ہی انہوں نے چاقو سے ٹیلر پر حملہ کرکے اس کا قتل کردیا ۔ حملہ کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے ۔ تاہم بعد میں انہیں راجستھان پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اس واقعہ کی خبر پھیلتے ہی اودے پور میں کشیدگی پھیل گئی اور حالات بگڑ گئے ۔ واقعہ کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس اور انتظامیہ کا عملہ جائے واقع پر پہنچ گیا ۔ علاقہ میں انٹرنیٹ خدمات بند کردی گئی ہیں اور پولیس انتظامیہ الرٹ موڈ پر ہے ۔
وہیں وزیر اعلی اشوک گہلوت نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعلی نے ٹویٹ میں کہا کہ اودے پور میں نوجوان کا بے رحمانہ قتل کی مذمت کرتا ہوں ۔ اس واقعہ میں شامل سبھی ملزمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ پولیس جرم کی تہہ تک جائے گی ۔ میں سبھی فریقوں سے امن بنائے رکھنے کی اپیل کرتا ہوں ۔
مقتول دکاندار کا نام کنہیا لال ساہو بتایا جارہا ہے ۔ اس کی دھان منڈی علاقہ میں بھوت محل کے پاس سپریم ٹیلرس کے نام سے ایک دکان ہے ۔ دوپہر میں وہ اپنی دکان میں تھا ۔ اسی دوران حملہ آور بائیک پر سوار ہوکر آئے اور وہ ناپ دینے کے بہانے دکان میں گھس گئے اور ٹیلر کا قتل کردیا ۔ اس کے بعد دونوں وہاں سے فرار ہوگئے ۔
واقعہ کی جانکاری ملتے ہی وہاں پر بھاری بھیڑ جمع ہوگئی اور کشیدگی پھیل گئی ۔ مقتول کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اس کو حال ہی میں سوشل میڈیا پر کی گئی ایک پوسٹ کے بعد دھمکیاں مل رہی تھیں ۔ ان دھمکیوں کی پولیس میں شکایت کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔
وہیں اپوزیشن لیڈر گلاب چند کٹاریا نے اس واقعہ کو حکومت کی ناکامی بتایا ہے ۔ انہوں نے واقعہ کو لے کر وزیر اعلی ، ڈی جی پی اور ایس پی سے بات کی ہے ۔ وہیں اس معاملہ کو طول پکڑتا دیکھ کر پوری ریاست میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ اے ڈی جی لا اینڈ آرڈر نے جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ پوری ریاست میں پولیس کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔