نکسلیوں کے خاتمے کے لیے ہمارا مارچ جاری رہے گا: شاہ
17
M.U.H
21/04/2025
نئی دہلی: جھارکھنڈ میں سکیورٹی فورسز کے ہاتھوں آٹھ نکسلیوں کی ہلاکت کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز کہا کہ نکسلی ازم کے خاتمے کے لیے حکومت کا عزم بدستور قائم ہے۔جھارکھنڈ کے بوکارو ضلع کے لوگو پہاڑی علاقے میں سی آر پی ایف کی کوبرا یونٹ اور ریاستی پولیس کے ساتھ ایک انکاؤنٹر میں آٹھ نکسلی مارے گئے، جن میں ایک اعلیٰ سطح کا مرکزی کمیٹی کا رکن بھی شامل تھا، جس کے سر پر ایک کروڑ روپے کا انعام تھا۔
امت شاہ نے 'ایکس' (ایکس) پر لکھا: کہ نکسلی ازم کے خاتمے کی ہماری مہم پوری قوت کے ساتھ جاری ہے۔ آج سکیورٹی فورسز نے نکسلیوں کے خلاف جاری مہم میں ایک اور بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ جھارکھنڈ کے بوکارو میں لوگو پہاڑی پر ایک انکاؤنٹر میں آٹھ ماؤوادی ہلاک ہوئے، جن میں اعلیٰ سطح کا نکسلی رہنما 'ویویک' شامل تھا، جس پر ایک کروڑ روپے کا انعام تھا، اور دو دیگر خطرناک نکسلی بھی مارے گئے۔ آپریشن جاری ہے۔ میں ہماری سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتا ہوں۔"
حکام کے مطابق، 209 کمانڈو بٹالین فار ریزولیٹ ایکشن(CoBRA) اور ریاستی پولیس نے مشترکہ کارروائی کی، جس میں آٹھ نکسلی مارے گئے۔ اس کارروائی میں ایک اے کے سیریز رائفل، تینINSAS رائفلیں، ایک ایس ایل آر (سیلف لوڈنگ رائفل)، آٹھ دیسی بندوقیں اور ایک پستول بھی برآمد کی گئی۔مارے جانے والوں میں نکسلی تنظیم کا مرکزی کمیٹی رکن پریاگ مانجھی عرف ویویک، اسپیشل ایریا کمیٹی ممبر اروند یادو عرف اویناش، زونل کمیٹی ممبر صاحب رام مانجھی عرف راہول مانجھی، مہیش مانجھی عرف موٹا، تالو، رنجو مانجھی، گنگا رام اور مہیش شامل ہیں۔