الجولانی کو عراق میں گرفتار کیے جانے کا امکان ہے، الخزعلی
26
M.U.H
20/04/2025
عراق کی عصائب اہل الحق تحریک کے سیکریٹری جنرل نے اعلان کیا ہے کہ شامی باغیوں کے رہنما کی بغداد میں موجودگی ان کی گرفتاری کا سبب بن سکتی ہے۔ فارس نیوز کے مطابق، عصائب اہل الحق کے سیکریٹری جنرل قیس الخزعلی نے آج بروز ہفتہ اس بات پر تاکید کی کہ ابو محمد الجولانی، جو کہ شام میں مسلح باغی گروہوں کے سربراہ ہیں اور خود کو عبوری دور کا صدر کہتے ہیں، اگر عراق میں موجود ہوں تو ان کی گرفتاری کا امکان موجود ہے کیونکہ عراق میں ان کے خلاف گرفتاری کا حکم موجود ہے۔ الخزعلی نے مزید کہا کہ عراق اور شام جیسے برادر ممالک کے درمیان تعلقات کی موجودگی ضروری ہے اور اس میں باہمی مفاد پایا جاتا ہے، لیکن شام کے موجودہ رہنما کی عراق آمد قبل از وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کی خودمختاری کے اصول کے مطابق، عراق کی عدالتی اداروں کی جانب سے جاری کیے گئے احکامات اور فیصلوں کی پابندی ضروری ہے اور سب کو ان کا احترام کرنا چاہیے۔ لہٰذا اس معاملے سے احتیاط سے نمٹنا چاہیے تاکہ عراق کی خودمختاری محفوظ رہے اور اس کے قانونی اداروں کے فیصلوں کا احترام کیا جا سکے۔ اسی سلسلے میں، شفق نیوز ویب سائٹ نے ایک شامی حکومتی اہلکار کے حوالے سے لکھا ہے کہ الجولانی نے آئندہ ماہ بغداد کے دورے کے لیے ابتدائی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق، الجولانی نے عراق کے وزیرِاعظم محمد شیاع السودانی کی جانب سے 17 مئی کو عرب ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے بغداد آنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ السودانی نے گزشتہ بدھ کو سلیمانیہ کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ انہوں نے الجولانی کو بغداد کانفرنس میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا ہے۔ دونوں فریقین کی پہلی ملاقات گزشتہ منگل کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئی تھی، جہاں انہوں نے سیکیورٹی، سفارتی اور اقتصادی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔