مولاناسلمان ندوی نے وحدت اسلامی کے لئے کارہائے نمایاں انجام دئیے:مولاناکلب جوادنقوی
6
M.U.H
29/06/2026
لکھنؤ۲۹ جون: نقیبِ وحدت، مبلغِ مکتبِ رسالتؐ اور بیباک عالم عالی جناب مولانا سید سلمان حسینی ندوی صاحب کے انتقال پُر ملال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولاناکلب جوادنقوی نے مولانامرحوم کے فرزندوں اور پسماندگان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ۔مولانانے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ مولاناسلمان ندوی صاحب کے انتقال کی خبر سن کر دل کو شدید ٹھیس پہنچی ۔یقیناً مولانا کی رحلت ملت اسلام کا بڑا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں ۔
انہوں نے مزید کہاکہ مولانا مرحوم نے ہمیشہ بغیر کسی باک کے کتابِ خدا کے پیغام اور سیرتِ محمدؐ و آلِ محمد علیہم السلام کو لوگوں تک پہنچایا اور اسلام دشمن طاقتوں کے پروپیگنڈے کو باطل کرنے میں تادمِ آخر مصروف رہے۔انہوں نے ہندوستان ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ناصبیت اور تکفیریت کے خلاف آواز بلند کی اور عالمِ اسلام کو کتابِ خدا، سنتِ پیغمبرؐ اور سیرتِ اہلِ بیتؑ پر متحد ہونے کی دعوت دی۔ مولاناکلب جوادنقوی نے مزید کہاکہ مولانا مرحوم امتِ محمدی کے بے حد مخلص اور دردمند انسان تھے۔ ان کی کوشش یہ تھی کہ فرقہ واریت کی دیواروں کو منہدم کردیا جائے۔آخرِ عمر میں انہوں نے جس طرح امت کی ہدایت اور حق بیانی کا بیڑا اٹھایا، اس کے لیے انہیں طعن و دشنام کا سامنا بھی کرنا پڑا، مگر وہ کبھی گھبرائے نہیں۔ خاص طور پر غزہ کے انسانی بحران کے بارے میں، خطے میں اسرائیلی اور امریکی دہشت گردی، خائن مسلم حکومتوں کی خاموشی اور صہیونیت نوازی کے خلاف اور اسلامی مقاومت کی حمایت میں انہوں نے جس طرح اپنے خیالات کے ذریعے ملت کو بیدار کرنے کی کوشش کی، اس کو ہرگز فراموش نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے آگے کہاکہ مولانا مرحوم کے خطبات ہمیشہ یاد کئے جائیں گے ۔وہ اپنی تحریروں اور تقریروں کے ذریعہ ہمارے درمیان ہمیشہ موجود رہیں گے اور نوجوان نسل کو دعوت فکر دیتے رہیں گے ۔
مولانانے آخر میں کہاکہ اس غم ناک موقع پر ہم مولانا مرحوم کے تمام فرزندوں، اہلِ خاندان، پسماندگان، شاگردوں اور عقیدت مندوں کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں۔ پروردگارِ عالم مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند فرمائے۔ آمین۔