ہند اور سعودی عرب کے درمیان آبی وسائل کے مؤثر انتظام پر تعاون کا معاہدہ
32
M.U.H
30/06/2026
جدہ،: ہندوستان اور سعودی عرب نے آبی وسائل کے مؤثر انتظام اور پائیدار استعمال کے فروغ کے لیے ایک اہم مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ جدہ میں منعقدہ سعودی واٹر ویک کے دوران طے پایا۔
ہندوستان کے سعودی عرب میں سفیر ڈاکٹر سہیل خان اور سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن عبدالمحسن الفضلی نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
ریاض میں ہندوستانی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
سفارت خانے کے مطابق اس معاہدے کا مقصد آبی وسائل کی منصوبہ بندی، پائیدار آبی انتظام، آبپاشی کے نظام، صلاحیت سازی اور بہترین تجربات کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
دستخطی تقریب میں جدہ میں ہندوستان کے قونصل جنرل فہد سوری بھی موجود تھے۔
دوسری جانب ہندوستان کے نائب سربراہ مشن ابو ماثن جارج اور کونسلر وائی صابر نے سعودی وزارت خارجہ میں تارکین وطن امور کے سربراہ احمد عبدالعزیز بن سلامہ سے ملاقات کی۔ اس دوران سعودی عرب میں مقیم ہندوستانی برادری سے متعلق قونصلر خدمات اور فلاح و بہبود کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
گزشتہ ہفتے ہندوستانی سفیر ڈاکٹر سہیل خان نے ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز آل سعود سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے اپنے دورِ سفارت میں تعاون پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسلسل فروغ پاتے دوطرفہ تعلقات پر بھی گفتگو کی۔