ابو عبیدہ کا دہشت گرد اسرائیل کو انتباہ، ایک غلطی سے سارے قیدیوں کی زندگی کو خطرہ
23
M.U.H
07/03/2025
فلسطین کی تحریک حماس کی عسکری شاخ القسام بریگیڈ کے ترجمان ابوعبیدہ نے صیہونی حکومت کی جانب سے غزہ پر دوبارہ حملے کے بہانے تلاش کرنے پر سخت انتباہ دیا ہے۔ ابوعبیدہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے جب تک اس مقدس سرزمین کو غاصبوں کے ناپاک وجود سے پاک نہیں کیا جاتا، امت مسلمہ دیگر اقوام میں کوئی مقام حاصل نہیں کرسکتی۔ ہم اس امت کے دو ارب افراد کو یاد دلاتے ہیں کہ فلسطینی عوام تمہاری آنکھوں کے سامنے نسل کشی، بھوک اور جبری ہجرت کا شکار ہو رہے ہیں۔
ابوعبیدہ نے کہا کہ استقامت، عالمی برادری اور ثالثوں کے ساتھ ہونے والے جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر کاربند ہے، لیکن قابض صہیونی حکومت کی جنگی ذہنیت نے صرف غزہ ہی نہیں، بلکہ لبنان، شام اور پورے خطے کے لئے خطرات پیدا کیے ہیں۔ ترجمان نے اسرائیلی حکام پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ امریکی حمایت حاصل کرنے اور فلسطینی عوام پر مزید مظالم ڈھانے کے لیے معاہدے سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔
ابوعبیدہ نے کہا کہ ساری دنیا نے دیکھا کہ جنگ کے حالات میں بھی مقاومت نے صیہونی قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک کیا۔ دشمن کے لیے سب سے مختصر راستہ یہی ہے کہ وہ دھمکیوں کے بجائے جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کرے۔انہوں نے خبردار کیا کہ صیہونی غاصب خود اپنے قیدیوں کی ہلاکت کا سامان فراہم کررہی ہے۔ ہم ہر ممکنہ صورتحال کے لیے تیار ہیں۔ غزہ کے خلاف کسی بھی جارحیت کے نتیجے میں صیہونی قیدیوں کی جان خطرے میں پڑسکتی ہے۔