کوئی بھی فلسطینیوں کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں رکھتا، اقوام متحدہ کے رپورٹر
19
M.U.H
09/03/2025
اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے انسانی حقوق برائے مقبوضہ فلسطینی علاقوں نے تاکید کر کے کہا کہ کوئی بھی فلسطینی عوام کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں رکھتا۔ فارس نیوز کے مطابق، فرانچسکا آلبانیز، جو اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے انسانی حقوق برائے مقبوضہ فلسطینی علاقوں ہیں، نے کہا کہ اسرائیل باقی ماندہ فلسطینی علاقوں پر قبضہ جمانے کی کوشش کر رہا ہے۔ آلبانیز نے الجزیرہ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ اسرائیل جو کچھ غزہ میں کر چکا ہے، وہی مغربی کنارے میں بھی دہرا رہا ہے، اور اس علاقے کے رہائشی غزہ کے عوام کی طرح شدید تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی ترسیل کو روکنے یا مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں فوجی کارروائیاں کرنے کے لیے کوئی عسکری ضرورت نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے رپورٹر نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل کے تمام اقدامات قوانین کے خلاف ہیں اور اس حکومت کو بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنی چاہیے۔ آلبانیز نے کہا کہ اسرائیل کو لوگوں کو نماز ادا کرنے سے نہیں روکنا چاہیے اور مزید وضاحت کی کہ فلسطینی عوام نے مزاحمت کے راستے کو آزمایا ہے اور بین الاقوامی تنظیموں سے بھی مدد حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کو روکنے میں ناکام رہی ہے اور وہ بھی اس صورت حال کی ذمہ دار ہے۔ آخر میں، اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر برائے انسانی حقوق برائے مقبوضہ فلسطینی علاقوں نے تاکید کر کے کہا کہ کوئی بھی فلسطینی عوام کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں رکھتا۔ صیہونی حکومت ایک ماہ سے زیادہ عرصے سے شمالی مغربی کنارے میں فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں فوجی کارروائیاں کر رہی ہے اور فلسطینیوں کو جنین، نور شمس اور طولکرم جیسے کیمپوں سے بے دخل کر چکی ہے۔