تمل اداکار وجے کی چنئی میں افطار پارٹی، شرکا کے ساتھ نماز بھی ادا کی
18
M.U.H
08/03/2025
چنئیؒ: تمل فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار وجے نے چنئی میں ایک افطار پارٹی کا اہتمام کیا، جو ان کے سیاسی سفر کا ایک اہم اشارہ سمجھا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک کے موقع پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں وجے نے شریک افراد کے ساتھ نماز میں بھی حصہ لیا، جس کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔
وجے، جو اب سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں، اپنی پارٹی ’تملگا ویٹری کذگم‘ (ٹی وی کے) کے ذریعے عوامی مسائل پر آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کی پارٹی نے چنئی کے رویاپیٹا واقع وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں افطار پارٹی کا انعقاد کیا، جس میں بڑی تعداد میں ان کے حامی شریک ہوئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وجے سفید لباس میں افطار کے لیے موجود افراد کے ساتھ بیٹھے ہیں۔ ان کے مداحوں نے ایکس اور انسٹاگرام پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جہاں انہیں مدعو شرکا کے ساتھ دعائیں کرتے اور تصاویر کھنچواتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وجے کے اس عمل کو ان کے فینز کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، تاہم کچھ حلقے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ وجے نے 22 اگست 2024 کو اپنی سیاسی جماعت ’تملگا ویٹری کذگم‘ کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ پارٹی کے قیام کے بعد وجے کے بیانات اور ان کے سیاسی نظریات مختلف حلقوں میں زیر بحث رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2026 کے تمل ناڈو اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کے ساتھ میدان میں اتریں گے، تاہم 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں کسی بھی جماعت کی حمایت کرنے سے گریز کیا۔
وجے کی سیاسی مقبولیت میں 2021 کے تمل ناڈو بلدیاتی انتخابات کے بعد اضافہ ہوا، جب ان کے فین کلب 'آل انڈیا تھلاپتی وجے مکل ایئکّم' نے 169 میں سے 115 نشستیں جیت کر اپنی سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا۔
ان کے افطار پروگرام کو سیاسی زاویے سے بھی دیکھا جا رہا ہے، کیونکہ وہ مختلف برادریوں میں اپنی مقبولیت بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس تقریب کے بعد یہ واضح ہوتا جا رہا ہے کہ وجے نہ صرف فلموں میں بلکہ سیاست میں بھی اپنی جگہ مضبوط کر رہے ہیں۔