غزہ میں امداد نہ پہنچنے کی صورت میں یمنی بحریہ صیہونی حکومت کے خلاف کارروائیاں دوبارہ شروع کردے گی، یمن کا انتباہ
20
M.U.H
08/03/2025
تہران: یمن کی تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے ثالثوں کو 4 دن کی مہلت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر غزہ میں انسانی امداد نہ پہنچی تو یمنی بحریہ صیہونی حکومت کے خلاف فوجی کارروائی دوبارہ شروع کر دے گی۔
سید عبدالملک بدرالدین الحوثی نے جمعے کی رات خبردار کیا کہ اگر صیہونی حکومت کا غزہ میں انسانی امداد کو پہنچنے سے روکنے اور کراسنگ کو مکمل طور پر بند کرنے کا عمل جاری رہا تو یمنی مسلح افواج صیہونی دشمن کے خلاف بحری کارروائیوں کا دوبارہ آغاز کردے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمن کشیدگی میں اضافہ، غزہ پٹی تک امداد کی روک تھام اور فلسطین میں قحط کی واپسی برداشت نہیں کرے گا۔
تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے کہا کہ صیہونی دشمن اپنے وعدوں کا پاس نہیں کر رہا اور غزہ سے علاج اور دیکھ بھال کے لیے رفح سمیت دیگر جگہوں سے بیماروں اور زخمیوں کی روانگی میں بھی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونی حکومت فاقہ کش کارروائیوں کے ذریعے ایک بار پھر نسل کشی کے جرم کا ارتکاب کرنا چاہتی ہے اور یہ اقدام قابل برداشت نہیں ہے۔