نئی دہلی 28 مارچ :عالمی یوم قدس کے موقع پر بیت المقدس کی آزادی، مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں اور غزہ میں جاری غاصب اسرائیلی حکومت کی ظلم وجارحیت کے خلاف ایوان غالب دہلی میں آل انڈیا شیعہ کونسل کے زیر اہتمام "قدس کانفرنس" کا انعقاد کیا گیا جس میں علماء کرام و دنشوران ملت نے اپنی تقاریر کے ذریعہ فلسطین میں جاری وحشیانہ مظالم اور نسل کشی کے خلاف اپنی آواز بلند کی۔ اس موقع پر ھندوستان میں رہبر انقلاب اسلامی ایران کے نمائندے آغا مہدی مہدوی پور نے کہا کہ دنیا کب تک اسرائیل کی جارحیت اور غزہ میں ہورہے ظلم وستم اور بکھری ہوئی لاشوں پر خاموش تماشائی بنی رہے گی ہم سب کا فریضہ ہے کہ اپنی آواز بلند کریں اور فلسطین کی آزادی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔
سفیر اسلامی جمہوریہ ایران ڈاکٹر ایرج الہٰی نےکہا کہ آج فلسطینی قوم بدترین مظالم کا شکار ہے ابھی چند دن پہلے ایک دن میں چار سو لوگ مار دئیے گئے لیکن دنیا میں کہیں کوئی آواز نہیں اٹھتی۔
سفارت عراق کے سکریٹری اول احمد ہاشم عتیفہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں بد ترین نسل کشی کررہا ہے جہاں بچوں ، عورتوں تک کو قتل کیاجارہا ہے۔
جناب ڈاکٹر تسلیم احمد رحمانی صدر مسلم پولٹیکل کونسل آف انڈیا نے کہا کہ عربوں کو اپنی غیرت کابہت ناز ہوتا ہے مگر فلسطین کے تئیں عربوں کی بے غیرتی انتہائی افسوسناک ہے۔
آل انڈیامسلم پرسنل لاء بورڈ کے ترجمان جناب قاسم رسول الیاس نے امام خمینی رحمة اللہ علیہ کو یاد کرتے ہوئے کہا امام خمینی نے مسئلہ فلسطین کو ہمیشہ کے لئے زندہ کردیا ممبر پارلیمنٹ جناب روح اللہ مہدی نے کہا جہاں جہاں بھی خلق خدا پر ظلم ہورہا ہے اور ان کی زمینیں غصب کی جارہی ہیں وہاں ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے۔
مولانامحسن تقوی امام جمعہ کشمیری گیٹ نے کہا کہ میڈیا کے غلط پروپیگنڈے کے باوجود آج دنیا اچھی طرح جانتی ہے ظالم کون ہے اور مظلوم کون ہے۔
ممبر پارلیمنٹ مولانا محب اللہ ندوی نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں جنگ عظیم سے زیادہ بے گناہوں کو غزہ میں شہید کردیا گیا۔
سابق ممبر پارلیمنٹ محمد ادیب نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین ہمیشہ فلسطینیوں کی ہے اور رہے گی۔
سردار دیا سنگھ صدر پیس مشن نے کہا ہم انسان ہیں اور فلسطین کا مسئلہ انسانیت کا مسئلہ ہے ہم یہاں مظلوموں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہوئے ہیں۔
کانفرنس کا آغاز مولانا علی کوثر کیفی نے تلاوت کلام اللہ سے کیا نظامت کے فرائض آل انڈیا شیعہ کونسل کے صدر مولانا جنان اصغر مولائی نے انجام دئیے جبکہ جنرل سکریٹری مولانا مرزا عمران علی نے حاضرین کی خدمت میں استقبالیہ کلمات پیش کئے اور آل انڈیا شیعہ کونسل کے ترجمان اور کنوینر مولانا جلال حیدر نقوی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس میں کثیر تعداد میں روزہ دار فرزندان توحید اور علماء کرام نے شرکت کی آخر میں مولانا شیخ محمد عسکری کے دعائیہ کلمات پر کانفرنس کا اختتام ہوا۔