مولانا انیس الحسن زیدی نے اپنی زندگی خدمت دین میں بسر کی :مولاناکلب جوادنقوی
13
M.U.H
21/02/2026
لکھنؤ ۲۱ فروری :حجۃ الاسلام مولانا سید انیس الحسن زیدی(ممبئی) کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولاناسید کلب جوادنقوی نے مولانامرحوم کے سانحۂ ارتحال کو ملت کا بڑا خسارہ قراردیا۔واضح رہے کہ مولانا مرحوم نے برسوں خوجہ مسجد ممبئی میں امام جمعہ و جماعت کی حیثیت سے دینی خدمات انجام دیں اور ایک نسل کو متاثر کیا۔
مولاناکلب جوادنقوی نے تعزیتی بیان میں کہاکہ مولانا مرحوم نے اپنی زندگی دین اسلام کی خدمت، تعلیم و تربیت، اصلاحِ معاشرہ اور ملّی سرگرمیوں کے فروغ میں گزاری۔ ان کی خطابت میں اخلاص، فکر میں اعتدال اور شخصیت میں سادگی و وقار نمایاں تھا۔ انہوں نے لوگوں کے دلوں کو جوڑنے، باہمی اخوت کو مضبوط کرنے اور دینی شعور کو بیدار کرنے میں قابل قدر کردار ادا کیا۔انہوں نے دعائیہ کلمات میں کہاکہ ہم تمام اراکین مجلس علمائے ہند پروردگار عالم سے دعا گو ہیں کہ وہ مولانا مرحوم کی مغفرت فرمائےاور جوار ائمہ معصومین علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ اس غم ناک موقع پر ہم ان کی اولاد امجاد بالخصوص حجۃ الاسلام مولانا سید نجیب الحسن زیدی کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتے ہیں ۔معبود بحق محمد وآل محمد علیہم السلام مولانا مرحوم کی اولادامجاد ،پسماندگان اور وابستگان کو صبر جمیل عطاکرے ۔یہ سانحہ یقیناً ناقابل تلافی ہے مگر ہم ان کے فرزند مولانا سید نجیب الحسن زیدی کے خدمات اور سنجیدہ افکار سے پُر امید ہیں کہ وہ اپنے والد ماجد کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ان کے فکری نقوش کو مزید روشن کریں گے ۔