آیت اللہ مکارم شیرازی اور آیت اللہ صافی گلپائیگانی کے بیٹوں سے مولانا کلب جواد نقوی کی ملاقات
328
M.U.H
03/06/2024
لکھنؤ/قم۳ جون: مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جوادنقوی ان دنوں جمہوری اسلامی ایران کے سفرپر ہیں ۔مولانا نے شہر قم میں قیام کے دوران آیت اللہ العظمیٰ ناصر مکارم شیرازی حفظہ اللہ کے نمائندۂ خاص حاج آقای حبیبی تبار کے گھر پر مختلف شخصیات سے ملاقات کی ۔اس ملاقات میں آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی کے فرزند حجت الاسلام حاج آقای محی الدین مکارم شیرازی اور آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائیگانی نوراللہ مرقدہ کے فرزند حجت الاسلام حاج آقای حسن گلپائیگانی بھی موجود تھے ۔آیات عظام کے فرزندوں نے مولانا کلب جوادنقوی کا سرزمین ایران پر خیرمقدم کرتے ہوئے ان سے مختلف مسائل پر تبادلۂ خیال کیا۔اس ملاقات میں ہندوستان کے حوزات علمیہ کی موجودہ صورت حال اور حوزات کی تقویت کے سلسلے میں گفتگوہوئی ۔آیات عظام کے دفاتر کی نمائندہ شخصیات نے مولانا کلب جواد نقوی سے یہ وعدہ کیاہے کہ وہ بہت جلد اس سلسلے میں ہندوستان کا دورہ کریں گے تاکہ حوزات علمیہ کی تقویت کے لئے مناسب لایحۂ عمل تیار کیاجاسکے ۔اس ملاقات کا اہتمام آیات عظام کے نمائندہ حاج آقای حبیبی تبار نے کیاتھاجو کئی بار ہندوستان کا سفر کرچکے ہیں ۔اس ملاقات میں مولانا غلام رضا رضوی اور مولانا کلب احمد نقوی بھی بطور خاص موجود رہے۔