حضرت فاطمہ زہراء(س) عالم انسانیت کے لئے بہترین نمونہ عمل
آغاسید حسن الموسوی الصفوی کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں یوم خواتین منایا گیا۔
سرینگر/شعبہ خواتین انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر زیر سرپرستی حجۃ الاسلام والمسلمین آغاسید حسن الموسوی الصفوی کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام میں یوم خواتین منایا گیا۔اس عظیم الشان اور پروقار تقریب میں حوزہ علمیہ مکتبۃ الزہراء حسن آباد نیز انجمن شرعی شیعیان کے مکاتب سے وابستہ طالبات ومعلمات کے علاوہ سینکڑوں دیگر خواتین نے بھر پور حصہ لیا ، اس پروگرام میں حوزہ کی معلمات اوردیگر دانشورخواتین نے سیدۃ الکونین حضرت فاطمۃ زہراء ؑ کی مثالی زندگی کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالی اور اس بات پرزور دیاکہ آج عالم انسانیت بالخصوص عالمِ نسواں کو جن مشکلات کا سامنا ہے ان کے سدِّ باب کے لئے آپ کی سیرت پر چلنا وقت کی سب سے اہم ضرورت ہے ۔معلمات اور دانشور خواتین نے حضرت فاطمہ زہرا ءؑ کی سیرت وکردار کو عالم انسانیت کے لئے نمونہ عمل قرار دیا اور اس بات پر زور دیاکہ جناب فاطمہ سلام اللہ علیہا عورت کے مختلف کرداروں میں اپنی مثال آپؑ تھیں ، سرکار دوعالم کی بیٹی تھیں اس کے باوجود اس شفقت کا مظاہرہ کیا کہ سرکارؐ نے آپ کو ام ابیھا کے لقب سے نوازا ،آپ بہترین زوجہ تھیں۔ماں کے کردار میں امام حسنؑ ، امام حسین ؑ ، جناب زینبؑ اور ام کلثوم ؑ جیسی اولادکی تربیت کی جس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی ، جنہوں نے آگے چل کراسلام کی حفاظت اور بقاء میں اپنا لافانی کردار ادا کیا ۔ قرآن کا سورہ کوثر، سورہ ھل اتیٰ،آیت تطہیر اور آیہ مباہلہ کے علاوہ اور بھی بہت سی آیات آپ کی قصیدہ خواں ہیں۔