لکھنؤ ۲۴ نومبر : مجلس علماء ہند نے آج نماز جمعہ کے بعد دختر رسولؑ جناب فاطمہ زہرا ؑ،زوجہ رسولؐ اور جناب مریم کی اہانت کے مجرم روہت سردانا کے خلاف چوک کوتوالی لکھنؤ میں ایف آئی آر درج کرانے کے لئے تحریر دی ۔اس سے پہلے مجلس علماء ہند نے مولانا سید کلب جواد نقوی کی سرپرستی میں وزیر اعظم نریندر مودی ،وزارت داخلہ ،وزیر اعلیٰ اترپردیش اور ڈی جی پی سلکھان سنگھ کو بھی خط لکھ کر اس مسئلے پر فوری کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ایف آئی آر درج کرانے کے لئے علماء میں مولانا رضا حسین ،مولانا رضا امام ،مولانا حیدر عباس ،عمران نقوی ،محمد عباس ،عادل فراز اور دیگر افراد موجود تھے ۔مجلس علماء ہند تمام مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ زوجۂ رسول ؑ،دختر رسول ؐاور حضرت مریم ؑ کی اہانت کے خلاف قانونی کاروائی کریں اور جذباتی اقدام سے پرہیز کریں ۔
نماز جمعہ کے خطبہ میں مولانا سید کلب جواد نقوی نے اس مسئلہ پر نمازیوں کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقدس ہستیوں کی اہانت منصوبہ بندی کے ساتھ کی جاتی ہے ۔یہ ایک سازش ہے تاکہ زبردست ٹی آرپی اور سستی شہرت حاصل ہوسکے۔ایسی سازشوں کے خلاف ہندو اور مسلمانوں کو متحد ہوکر آواز احتجاج بلند کرنا ہوگی ۔مولانا نے کہاکہ ایسے چینل جو ٹی آر پی کے لئے ایسی حرکتیں کرتے ہیں انکے لائسنس رد ہونے چاہئیں۔مولانا نے کہاکہ اگر چینل نے اپنے اینکر کے خلاف سخت کاروائی نہ کی تو تمام مسلمان اور اہل ہنود حضرات متحد ہوکر چینل کے خلاف احتجاج کرینگے ۔حکومت کو چاہئے کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کاروائی کرے تاکہ آئندہ کسی کو یہ جرآت نہ ہو کہ کسی مذہب کی مقدس ہستیوں کی شان میں نازبیا الفاظ کا استعمال کرے ۔