اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ دہشت گردی انسانیت اور اسلام دونوں کی سب سے بڑی دشمن ہے اور ان شیطانی طاقتوں کو شکست دینے کے لئے پوری دنیا کو متحد ہوکر کام کرنا ہوگا۔
مسٹر نقوی نے یہاں اقلیتی امور کے دفتر میں ان سے ملاقات کے لئے آئے ایک اعلی سطحی ایرانی وفد کے ساتھ بات چیت کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔ حجت الاسلام ڈاکٹر محسن قمی کی قیادت والے اس وفد میں اسلامی کلچر اور تعلقات کی تنظیم کے ڈائریکٹر ابوذر ابراہیمی ترکمان اور ہندوستان میں ایران کے سفیر غلام رضا انصاری اور دیگر افسران موجود تھے۔فریقین کے درمیان باہمی ثقافتی تعلقات کو مستحکم کرنے نیز دہشت گردی کے مسئلے پر بھی بات چیت ہوئی۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالیرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اتحاد، خیر سگالی ہندوستان کے ڈی این اے میں ہے ۔ہندوستان کی اسی طاقت کی وجہ سے شیطانی طاقتیں یہاں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی ہیں۔مرکزی وزیر نے کہا کہ اسلام کو دہشت گردی کا ڈھال بنانے کی سازش میں مصروف عناصر کو ہمیں مل کر شکست دینا ہوگا۔
آ ج مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کے تعلقات کافی قدیم اور مضبوط ہیں۔ گذشتہ سال وزیر اعظم نریندر مودی کے ایران دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کونئی بلندیاں ملی ہیں ۔ مسٹر نقوی نے کہا کہ دیگر شعبوں کی طر ح ہندوستان اور ایران دہشت گردی کے مسئلے کے خلاف بھی عالمی سطح پر نہایت اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ ایرانی وفد کے دورہ ہند سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔حجت الاسلام ڈاکٹر محسن غمی نے بھی اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیاانہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔ایرانی وفد نے ہندوستان کی امن، خیر سگالی کی طاقت اور کثرت میں وحدت کی مشترکہ وراثت کو پوری دنیا کے لئے ایک مثال بتایا۔
خیال رہے کہ ایرانی وفد یہاں اسلام اور ہندوازم کے موضوع پر منعقد ایک دو روزہ سمینار میں شرکت کے لئے آیا تھا۔ اس سمینار کے لئے ارسال کردہ اپنے پیغام میں وزیر اعظم نریندرمودی نے کہا کہ ہندوستان اور ایران کی ثقافت اور تہذیب و تمدن نے ایک دوسرے پر گہری چھاپ چھوڑی ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات تاریخی اور قریبی رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے آج کے اس دور میں دونوں ملکوں کو اپنی وراثت کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسی سے دنیامیں امن قائم ہوگا۔