سکون قلب دنیاوی لگائو سے نہیں ،ذکر خدا سے حاصل کرو:مولانا نجیب الحسن زیدی
793
m.u.h
06/09/2022
کربلا دیانت الدولہ میں تین روزہ مجالس کے سلسلے کی پہلی مجلس کا انعقاد
لکھنؤ ۶ ستمبر: کربلا دیانت الدولہ بہادر میں تین روزہ مجالس کے سلسلے کی پہلی مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید نجیب الحسن زیدی نے ’’خیمۂ حسینی اور سکون قلب‘‘ کے موضوع پر خطاب کیا ۔انہوں نے اپنی تقریر میں کہاکہ انسان مادیات کے گرداب میں الجھاہواہے ۔دنیا کوحاصل کرنے کے لئے تگ و دو کرتارہتاہے ۔ہزارہا چیزوں کے حصول کے بعدبھی وہ اطمینان قلب حاصل نہیں کرپاتاہے ،آخر اس کی وجہ کیاہے ؟ مولانانے کہاکہ چونکہ انسان مادیات میں سکون قلب تلاش کرتا ہے اس لئے مضطرب اور پریشان حال رہتاہے ۔اگر وہ فطرت کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے حقیقی خالق کی طرف رجوع کرے تو اسے اصلی سکون قلب حاصل ہوگا ۔قرآن مجید میں ارشاد ہواہے کہ خدا کے ذکر سے دلوں کو سکون حاصل ہوتاہے ۔اس لئے انسان کو چاہیے کہ وہ ائمہ سے ماثور دعائوں کا مطالعہ کرے تاکہ اسے سکون قلب حاصل ہو ۔مولانانے شب عاشور کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ امام حسینؑ نے چراغ بجھاکر اپنے اصحاب سے کہاتھاکہ اس رات کو اپنی ڈھال بنالو اور چلے جائو۔میں تم سے اپنی بیعت اٹھارہا ہو ں ۔اوراگر جانے میں شرمندگی محسوس کررہے ہو تو میرے عزیزو ں کو بھی ساتھ لیتے جائو تاکہ تمہیں احساس شرمندگی نہ ہو۔مولانانے کہاکہ یہ امام حسینؑ کا اللہ پر یقین کامل تھاورنہ جنگ کے وقت لوگ اپنی طاقت میں اضافہ کی کوشش کرتے ہیں،طاقت کو گھٹانے کی بات نہیں کرتے ۔اُدھر اصحاب امام حسینؑ کا سکون ملاحظہ کیجیے کہ انہیں علم ہے کہ کل صبح قتل کردیے جائیں گے مگر کوئی حسینؑ کو چھوڑ کر جانے پر تیار نہ ہوا۔مجلس کے آخر میں مولانانے دمشق میں اہلبیت رسولؑ کی اسیری کے واقعہ کو بیان کیا جس پر سامعین نے بیحد گریہ کیا ۔
یہ مجلسیں ایمز فائونڈیشن کی جانب سے منعقد ہورہی ہیں جس میں مجلس علمائےہند کا تعاون شامل ہے ۔