مساجد فرزندان توحیدکے لئے اتحاد ویگانگت کا مرکز:مولانا سید حیدر عباس
1312
M.U.H
30/05/2018
سیدواڑہ ،بارہ بنکی کے موضع میرانپور کی نو تعمیر مسجد میں اہمیت مساجد پر خطاب
بارہ بنکی: وہ ماہ رمضان تیزی سے اپنی مسافت طے کر رہا ہے جسے فصل عبادت و تلاوت کہا جاتا ہے۔فرزندان توحید اِن دنوں دینی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔مساجد کی رونق قابل دید و قابل ستائش ہے جہاں روزہ دار دن بھر کی تمام تر سختیوں کو برداشت کرنے کے ساتھ اپنی جبین نیاز مالک کریم کی بارگاہ میں خم کرنے کو سعادت سمجھتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ گذشتہ شب سید واڑہ بارہ بنکی کے موضع میرانپورکی نو تعمیر مسجد امام صادق علیہ السلام میں علاقہ کی معروف و محبوب شخصیت جناب نہال حیدر صاحب مرحوم کی پہلی برسی کے سلسلہ میں مجلس عزا اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا گیا۔مجلس غم سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید حیدر عباس نے اہمیت مساجد پر تفصیلی گفتگو کے دوران مومنین سے خطاب میں اشارہ کیا کہ مساجد کی اہمیت قرآن کریم کی آیتوں سے سمجھی جا سکتی ہے۔۲۸؍مرتبہ اس کلمہ کو پروردگار نے قرآنی آیتوں میں استعمال کیا ہے۔سورۂ توبہ کی آیت کو سرنامۂ سخن قرار دیتے ہوئے مولانا نے آگاہ کیا کہ آیات قرآن پاک کی روشنی میں مساجد فرزندان توحیدکے لئے اتحاد ویگانگت کا مرکز ہے۔جہاں فقط چند رکعت نماز کی ادائیگی ہی مطلوب نہیں بلکہ یہی مساجد بے پناہوں کی پناہ گاہ اور مومنین کے لئے بہترین مشورہ کا مرکز ہے۔جہاں مختلف اصناف کے افراد جن میں علماء،ڈاکٹر،انجینئر،تجاروغیرہ خاص طور سے قابل ذکر ہیں حاضر ہوتے ہیں اور تمام تر امتیازات دم توڑتے ہوئے نظر آتے ہیں۔
مولانا حیدر عباس نے مساجد کے سلسلہ میں مختلف روایات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اضافہ کیا کہ چیز جتنی زیادہ با قدر و قیمت ہوگی اس کی حفاظت کے تئیں اتنا ہی اہتمام کیا جائے گا۔اگر ہم مساجد کی اہمیت کو درک کر لیں تو یقینا ہم ہر آن اس کی حفاظت میںکوشاں نظر آئیں گے۔بستی کے نوجوانوں اور جوانوں سے اپنے پر اثر خطاب کے دوران مولانا نے تاکید کی کہ بنانے والے نے مسجد تعمیر کرا دی ،دینے و الے نے مسجد کے سلسلہ میں اپنی زمین راہ خدا میں وقف کر دی،اب آپ کی ذمہ داری ہے کہ مسجد کی نظافت اور دیگر عبادی امور کا خاص خیال رکھیں ۔جو جس نیت سے مسجد میں آئے گا اسے حدیث نبوی کی روشنی میں خود اُ س کی نیت کے لحاظ سے اجر و ثواب ملے گا۔
بتاتے چلیں کہ ماہ مبارک میں پوری دنیا کی مساجد مومنین اور فرزندان توحید سے چھلک رہی ہیںجہاں نماز جماعت،تلاوت قرآن کریم اور دینی دروس کا اہتمام انسان کی روح کو تازگی عطا کرتے ہیں۔موضع میرانپور میں امامت جماعت اور دیگر عبادی امور کی ادائیگی کے لئے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ (اصفہان ایران )میں زیر تعلیم مولانا محمد فیص صاحب قبلہ تشریف لائے ہیں ۔