بحرینی عوام نےکل ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں اس ملک کے معروف عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی نظربندی اور فیملی قانون کے خلاف نعرے لگائے اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی فوری رہائی اور نئے فیملی قوانین کو منسوخ کیے جانے کا مطالبہ کیا۔بحرین کے عوام نے منگل کے روز بھی آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کی رہائی اورفیملی قوانین کے خلاف مظاہرہ کیا تھا۔ بحرین کے بیشترعلمائے کرام نے اپنے اپنے بیانات میں شاہی حکومت کی نمائشی پارلیمنٹ میں منظور کیے جانے والے نئے فیملی قوانین کی مذمت کرتے ہوئے انھیں فقہ جعفریہ کے تشخص اور فقہی احکامات کے منافی قراردیا۔قابل ذکر ہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے سعودی عرب کی حمایت یافتہ شاہی حکومت کے خلاف مظاہروں اور احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ بحرین کے عوام ملک میں سیاسی اصلاحات اور مذہبی تفریق کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔