ہندوستانی علمائے کرام کا وفد ایران میں، بزرگ مرجع تقلید سے ملاقات، رہبر انقلاب اسلامی سے بھی کریں گے ملاقات
1037
M.U.H
03/02/2020
ایران کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی حسین نوری ہمدانی نے شرمناک سینچری ڈیل منصوبے کی بابت خبردار کرتے ہوئے مسلمانوں خاص طور پر مسلمان علمائے دین سے درخواست کی ہے کہ وہ فلسطینی امنگوں کی تباہی کی سازش کا سنجیدگی سے مقابلہ کریں۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی حسین نوری ہمدانی نے سنیچر کے روز قم المقدس میں ہندوستان سے آئے بزرگ علمائے دین کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ آج اسلام کے دشمن سینچری ڈیل نامی منصوبے کے ذریعے فلسطینی امنگوں کو تباہ و برباد کرنے کے درپے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اپنے اتحاد و یکجہتی کی حفاظت کرتے ہوئے امریکی-صیہونی سازش سینچری ڈیل کے بارے میں عملی اقدامات کریں۔
آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے علمائے دین کی اہم ذمہ داریوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دین اسلام میں جیسا مقام و منزلت علماء کی ہے کسی بھی طبقے کو حاصل نہیں ہے اور نہ ہی کسی گروہ پر علماء جیسی سنگین ذمہ داری ہے۔
مرجع تقلید آیت اللہ العظمی نوری ہمدانی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ دشمن ہمیشہ سے ہی مسلمانوں کے درمیان تفرقہ اور اختلافات پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف رہتا ہے، کہا کہ دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کا واحد ذریعہ امت اسلامیہ کو متحد کرنا ہے۔
اس موقع پر ہندوستان سے آئے وفد میں شامل لکھنو جامع مسجد کے پیش امام حجت الاسلام و المسلمین مولانا کلب جواد اور مغربی بنگال کے سرکردہ عالم دین حجت الاسلام و المسلمین مولانا فیروز حیدر زیدی سمیت متعدد علمائے کرام نے ہندوستانی مسلمانوں کی تازہ صورتحال پر رپورٹ پیش کی۔