امیرالمومنین، شیر خدا فاتح خیبر حضرت امام علی (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے دنیا کے گوشہ و کنار میں عزاداری کا سلسہ گزشتہ رات سے شروع ہو گیا ہے۔ عراق کے مختلف شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین، سامرا اور مسجد کوفہ جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں خاص طور سے مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں ہر طرف مجلس عزاء اور ماتم و سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام مساجد و امام بارگاہوں میں نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے ۔ مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات نیز سڑکوں پر سیاہ پرچم نصب ہیں۔
مشہد المقدس میں فرزند رسولؐ حضرت امام علی رضا علیہ السلام اور قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ (س) کے روضہائے مبارک میں عزاداروں کا جم غفیر ہے جہاں اہلبیت اطہار (ع) کے عقیدت مندوں کی جانب سے اشکبار آنکھوں سے فاتح خیبر مشکل کشاء حضرت امام علی (ع) کی شہادت کی مناسبت سے پرسہ پیش کیا جا رہا ہے۔ مقدس روضوں کی فضا اہلبیت اطہار (ع) کے شیدائیوں کی آہ و بکا سے گونج رہی ہے۔ سوگواروں اور عزاداروں کی جانب سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت امام علی (ع) کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان میں آج رات شب شہادت امام علی (ع) ہے۔
فاتح خیبر مشکل کشاء امیرالمومنین حضرت امام علی (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے سحر عالمی نیٹ ورک اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں بادل مغموم تعزیت پیش کرتا ہے۔