تہران: قائد اسلامی انقلاب 'حضرت آیت اللہ خامنہ ای' نے بدھ کی صبح تہران میں ایران کے عسکری مشیر 'محسن حُججی شہید' کے جسد خاکی کا آخری دیدار کیا اور شہید کے بلندی درجات کے لئے فاتحہ پڑھی۔
تفصیلات کے مطابق، شہید محسن حُججی کے جسدخاکی کو آخری دیدار کے لئے تہران کی امام حسین (ع) مسجد میں رکھا گیا تھا جہاں سپریم لیڈر حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای شہید کا آخری دیدار کیا۔
قائد انقلاب نے اس موقع پر شہید کے اہل خانہ کے ساتھ بھی ملاقات کی اور شہید حججی کی قربانی اور ان کے لواحقین کے صبر کو سراہا۔یاد رہے کہ شہید محسن حججی کے جسد خاکی کو پیر کی رات خصوصی پرواز کے ذریعے ایرانی دارالحکومت تہران لایا گیا۔
آج تہران میں شہید کا جنازہ آہوں اور سسکیوں میں کیا جائے گا۔ گزشتہ روز شہید حججی کے جسد خاکی کو مشہد میں امام رضا علیہ السلام کی مقدس بارگاہ میں طواف کرایا گیا اور آج تہران میں جنازے کے بعد ان کو اپنے آبائی علاقے نجف آباد میں دفن کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 25 سالہ ایرانی مجاہد محسن حججی اصفہان صوبے کے علاقے 'نجف آباد' سے تعلق رکھتے تھے۔داعش کے دہشتگردوں نے شام اور عراق کی سرحد پر ان کو پہلے اسیر کیا اس کے بعد محسن حججی کو بے دردی سے شہید کیا گیا۔