مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر شیرازی کے اغوا کے خلاف اسلام آباد پریس کلب سے ڈی چوک تک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ایم ڈبلیو ایم، آئی ایس او اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما اور کارکن شریک تھے۔
ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کی۔ شرکاء نے شہباز شریف، رانا ثنا اللہ اور آئی جی پنجاب کے خلا ف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے واقعہ کے ذمہ داران کی برطرفی اور گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئےعلامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ سیدناصرشیرازی کےاغوا میں نواز شریف،شہباز شریف، حمزہ شہباز،رانا ثنا اللہ اور سی ٹی ڈی کے سربراہ رائے محمد طاہر ملوث ہیں اور مغوی رانا ثنا اللہ اور رائے طاہر کے نجی ٹارچر سیل میں قید ہیں ۔
انہوں نے پاکستان کےوزیراعظم ،چیف جسٹس آف پاکستان اور آرمی چیف سے اس لاقانونیت کا نوٹس لیتے ہوئے ناصر شیرازی اور ملت تشیع کے دیگر جبری گمشدہ افراد کی فوری بازیابی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ ہم قانون کی عملداری پر یقین رکھتے ہے اور ہم اپنے شہدا کے سو سو جنازے لے کر سڑکوں پر بیٹھے رہے ۔ ہمارے نوجوانوں کو شناختی کارڈ چیک کر کے بے دردی سے موت کے گھاٹ اتارا جاتا رہا ہم نے سیاسی مذہبی جماعت ہونے کے ناطے ہمیشہ قانون و آئین کی بالادستی کی بات کی اس ملک میں محبت و اخوت کے فروغ میں ہمارا کردار روز روشن کی طرح آشکار ہے۔ ہم اقلیتوں کے پاس بھی گئے تا کہ دنیا کو پتا چلے کہ پاکستان میں مذہبی رواداری اور بھائی چارہ قائم ہے۔ جمہوری اقدار اور قانون کا راگ الاپنے والے قانون شکنوں نے ملت تشیع کی زبان بندی میں ناکامی پرانتقام کا نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ حکمرانوں کو اپنے ہر ظلم کا جواب دہ ہونا پڑے گا۔اللہ کے قانون سے یہ ظالم کبھی نہیں بچ سکیں گے۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئےمقررین نے کہا کہ جس صوبے کا وزیر قانون ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہو اور قانون شکنی کو شعار بنا رکھاہو وہاں حکمرانوں کی طرف سے باسیوں کو بدامنی ، لاقانونیت اور عدم تحفظ کے تحفے دیے جاتے ہیں۔ وطن عزیز کی بدترین صورتحال کے ذمہ دار یہی حکمران ہیں جو مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے میں لمحہ بھر تاخیر نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کی بازیابی میں مزید تاخیر پنجاب حکومت کی مشکلات میں اضافہ کا باعث بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ملک بھر میں عزاداری کے پروگراموں میں ریاستی جبر کے شکار گمشدہ نوجوانوں کے حق میں بھی آواز بلند کی جائے گی۔
دوسری جانب سابق صدرپاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ کےاغواء کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناصر شیرازی کے اغواء میں پنجاب حکومت ملوث ہے، آصف علی زرداری نے ناصر شیرازی کی فوری طور پر بازیابی کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔