لکھنؤ ۶جولائ: جنت البقیع میں مزارات مقدسہ کی تعمیر نو کے لئے مجلس علماء ہند کی جانب سے ملک گیر دستخطی مہم کا آغاز دہلی سے ہوچکا ہے ۔دہلی کے بعد حیدرآباد ،لکھنؤ اور دیگر ریاستوں میں دستخطی مہم چلائی جارہی ہے ۔ان شاء اللہ ۶ جون سے لکھنؤ میں بھی دستخطی مہم کا آغاز ہونے جارہاہے ۔۶ جون کو درگاہ حضرت عباس رستم نگر لکھنؤ میں شام ۴ بجے سے رات کے ۸ بجے تک دستخطی مہم چلائی جائے گی ۔اسکے بعد شہرکے دیگر علاقوں میں دستخطی مہم کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
ماہ شوال کے اختتام پر مجلس علماء ہند ان تمام دستخطوں کو میمورنڈم کے ساتھ اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری اور وزیراعظم نریندر مودی کو ارسال کرے گی ۔اس دستخطی مہم کا واحد مقصد یہ ہے کہ جنت البقیع میں دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی قبر کے ساتھ ائمہ معصومین ،صحابہ کرام اور ازواج رسول کی قبروں کی تعمیر نو کے لئے مقدور بھر کوشش کی جائے ۔یہ دستخطی مہم مولانا سید کلب جواد نقوی کی سرپرستی میں چلائی جارہی ہے ۔مولانا نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اس دستخطی مہم میں حصہ لیں اور جنت البقیع میں مزارات مقدسہ کی تعمیر نو کے لئے آواز احتجاج بلند کریں ۔