لکھنؤ ۲۸ نومبر: آج تک نیوز چینل کے اینکر روہت سردانا کی گستاخی اور اہانت آمیز ٹویٹ کے خلاف ۲۷ نومبر کو سلطان المدارس میں مدرسہ کے طلباء نے مولانا سید کلب جواد نقوی کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرہ میں بڑی تعداد میں علمائے کرام اور مومنین شہر نے بھی شرکت کی ۔
ضابطۂ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ سے مظاہرین مدرسہ کے احاطہ میں ہی احتجاج کرتے رہے ۔مظاہرین نے ضلع انتظامیہ اور ریاستی و مرکزی سرکار سے مطالبہ کیاکہ مذہبی جذبات بھڑکانے اور مقدس ہستیوں کی شان میں نازیباالفاظ استعمال کرنے کے جرم میں روہت سردانا اور گورو ساونت جیسے شرپسندوں کو گرفتار کیا جائے ۔مدرسہ کے طلباء نے ضلع انتظامیہ کو میمورنڈم بھی دیا جس میں مجرمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا تھا ۔طلباء کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے لئے تینوں بیبوں کی ذات مقدس ہے ۔جس پس منظر میں یہ بیان دیا گیاہے اس کا مسلمانوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ہم ہر اس اقدام کے خلاف ہیں جو ہمارے ملک کی سالمیت اور رواداری کے لئے خطرناک ثابت ہو ۔
مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ سرکار کو چاہئے کہ ایسے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو ایسی اہانت کی جسارت نہ ہو ۔مولانا نے کہاکہ آج تک نیوز چینل اپنے اینکر کے خلاف سخت کاروائی کرے اور سرکار اسکی گرفتاری کو یقینی بنائے ورنہ احتجاج جاری رہیں گے ۔