کرگل : تمام عالم اسلام کے ساتھ ساتھ آج کرگل میں بھی مرکز عالم امکان محور ارض و سماء سید الانبیاء حضرت محمد مصطفی ؐ اور ان کے فرزند ارجمند رئیس مذہب شیعہ امام جعفر الصادق کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے پرچم تلے بڑے پیمانے پر جلوس و محفل منعقد کیا گیا۔ اس سلسلے میں امام خمینی میموریل ٹرست کے ذیلی شعبہ بسیج روحانیون کے اہتمام سے دیگر شعبہ جات کے توسط سے ہفتہ وحدت کے ایام میں محافل منعقد کیا گیا۔
12ربیع الاول کے بعد سے جامع مسجد کرگل میں امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے ذیلی شعبہ جات ، باقریہ ہیلتھ کیئر اینڈ ریسرچ سنٹر، مطہری ایجوکیشنل سوسائٹی ، بسیج امام و بزم ادب کی جانب سے محافل کا انعقاد کیا گیا۔ اور آج 17ربیع الاول کو بسیج روحانیون کے اہتمام سے بمناسبت اختتام ہفتہ وحدت و ولادت امام جعفر صادق ؑجلوس عشق نبی صبح ساڑھے دس بجے حسینی پارک سے نکالا گیا جلوس میں مولانا مولوی تسلیم عارف صاحب اور چیرمین نگران کونسل امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے علاوہ دسیوں علماء اور سینکڑوں مومنین نے شرکت کی اور جامع مسجد میں پہونچ کر ایک عظیم الشان محفل منعقد ہوئی۔
جناب حجۃ الاسلام شیخ غلام حسنین رضوانی نے محفل کی نظامت کرتے ہوئے چیرمین نگران کونسل شیخ محمد محقق کو محفل کی صدارت کے لیئے مدعو کیا۔ محفل جشن میلاد ۱۱ بجے محمد طاہر طلبہ دار القران علامہ طباطبائی بروکالونی نے تلاوت کلام پاک سے آغاز کیا اس کے بعد ماسٹرشبیر گونما کرگل نے نعت پاک سنائی۔ وائس چیرمین بسیج روحانی شیخ حسین رجائی نے استقبالیہ تقریر کی جس میں انہوں نے گذشتہ ایام ہفتہ وحدتت کی مناسبت سے پروگرام برگزار کرنے والے اور آج کی محفل میں شرکت کرنے والے مجلس کے انتظام میں حصہ لینے والے بسیج امام کے جوانوں اور مہمان خصوصی مولانا تسلیم عار ف امام جمعہ والجماعت حنفیہ جامع مسجد کرگل اور دیگر مومنین کا شکریہ ادا کیا۔اسکے بعد محترم جناب حجۃ الاسلام شیخ خادم صادقی نے نعت شریف پیش کی ۔ جس کے بعد مولانا مولوی تسلیم عارف امام جمعہ الجماعت حنفیہ جامع مسجد کرگل نے تقریر کی جس میں مولانا موصوف نے اتحاد بین المسلمین کے موضوع پر سیر حاصل کفتگو کی۔ موصوف نے کہا کہ آج ہم نسلی اعتبار سے امتی ہیں اسی وجہ سے ہم اپنے آپ کو مسلمان مانتے ہوئے بھی اسلام کے آئین سے ہٹ کر کام کرتے ہیں کاش کہ ہم اصلی امتی بن جاتے۔ محفل میں تقریر کرتے ہوئے سید کاظم صابری نے سیرت طیبہ رسول اکرمؐ کے موضوع پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اس دوران نامور شعراء جن میں ناصرالدین خفی و ماسٹر عیسی صابری نے بھی اپنے اپنے کلام سے محفل کو رنق بخشی۔ شیخ صادق رجائی چیرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ نے اپنے تقریر میں آج کے زمانے میںہورہے نا انصافیوں کا تذکرہ کیا۔ آخر میں صدر مجلس حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد محقق چیرمین نگران کونسل نے صدارتی خطبہ پیش کیا اور ان کے دعائیہ کلمات کے ساتھ محفل اختتام پذیر ہوا۔
محفل میلاد کی دوسری محفل زینبیہ ویمن ویلفیر سوسائٹی شعبہ خواتین امام خمینی میموریل ٹرسٹ کی اہتمام سے مصلیٰ امام خمینی کرگل میں منعقد ہوئی ۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کیں۔ محفل میں صدارت حاجیہ فاطمہ عرفانی نے کی اور طلبا دار القران جعفر طیار منجی نے تلاوت کلام پاک سے محفل کا آغاز ہوا۔ محفل میں خواتین نے نعت و منقبت پیش کرنے کے علاوہ حاجیہ حمیدہ فیاضی نے تقریر بھی کی۔