کرگل: پوری دنیا کے ساتھ ساتھ کرگل میں بھی اربعین حسینی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ ضلع کے گوشہ و کنار سے سیاہ پوش عزادار ہزاروں کی تعداد میں نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے جلوسوں کی شکل میں ضلع صدر مقام کے حسینی پارک میں جمع ہوئے جہاں پر تمام عزاداروں نے نماز ظہرین شیخ محمد محقق کی امامت میں ادا کی اسکے بعد مرکزی جلوس زیر اہتمام امام خمینی میموریل ٹرسٹ حسینی پارک سے برآمد ہوا اور مرکزی بازار سے گذرتے ہوئے خمینی چوک سے ہوتے ہوئے اسلامیہ سکول وجامع مسجد سے ہو کر واپس حسینی پارک میں اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں شریک عزادار موجودہ بین الاقوامی حالات کی تناظر میں، دست خدا برسر ماست خامنہ ای رہبر ماست ، اللہ اکبر۔ خامنہ ای رہبر ، امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد، برطانیہ مردہ باد،سعودی حکمراں مردہ باد جیسے فلک شگاف نعرے بھی لگا رہے۔
جلسہ کے اختتام پر چیرمین امام خمینی میموریل ٹرسٹ حجتہ السلام شیخ صادق رجائی نے فلسفہ اربعین وزیارت اربعین حسینی پر مفصل روشنی ڈالی انہوں نے کہا کہ اربعین حسینی کا ہدف امام حسینؑ اور حسینیؑ انقلاب کے ساتھ وابستگی و ہمبستگی کا مظہر،حق و باطل کی جنگ میں مصلحت پسندی اور خاموش رہنے کے خلاف ایک موثر آواز ہے اور فاسق و فاجر حکمرانوں کے خلاف قیام کا نام ہے۔ انہوں نے یمن پر جاری سعودی حملوں کی بھر پور مزمت کی جس میں غریب اور نہتے یمنی عوام کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے آل خلیفہ کے ذریعہ کئی سالوں سے جیل میں قید شیخ عیسیٰ قاسم کو فوری طور رہا کرنے کی مانگ کی۔شیخ رجائی نے شیخ ابراہیم زکزاکی کو بھی فوری طور رہا کرنے کی اپیل کی جن کو نائجیریا کے حکومت نے تین سال سے جیل میں رکھا ہواہے۔ اس ضمن میں انہوں نے اقوام متحدہ اور نام نہاد بین الاقوامی حقوق البشر تنظیموں کی خاموشی پر بھی تنقید کی۔ موصوف نے شام اور عراق میں داعش دہشت گردوں کا صفایا ہونے اور داعش مخالف تنظیموں کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے ضلع کرگل کے مسلم معاشرے کو خراب کرنے کے مذموم کوششوں کی بھی مذمت کی اس سلسلے میںضلع پولیس کو چوکسی برتنے کی تلقین کی۔
جلسے کے اختتام پرشیخ عیسیٰ حافظی نے زیارت اربعین پڑھی اور عالم اسلام میں اتحاد و اتفاق اور وطن عزیز کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔ جس کے بعد وائس چیرمین امور مذہبی شیخ بشیر شاکر نے جلوس اربعین کے لئے تعاون دینے پر ضلع انتظامیہ سمیت متعلقہ محکموں اور ادارے سے منسلک تنظیموں اور افراد کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں دست جمعی نعرے کے ساتھ جلسہ اختتام پزیر ہوا۔