رہبر معظم انقلاب اسلامی نے اربعین امام حسین علیہ السلام کے احیاء اور زائرینِ اربعین کی خدمت میں مکمل فراخ دلی اور جود و سخاوت پر عراقی عوام اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں عراقی عوام کی خدمات انتہائی قابلِ قدر ہیں۔
تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، امام خامنہ ای نے اربعین حسینی کے موقع پرعراقی عوام اور حکومت کی جانب کی جانے والی خدمات کو پوری دنیا میں بے مثال قرار دیتے ہوئے کہا: "جس طرح عراقیوں نے زائرین کی خدمت کی ہے اس کی دنیا میں کہیں مثال نہیں ملتی ہے۔"
رہبر انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ اربعین حسینی کا عیظم اجتماع اس بات پر دلالت کرتا ہے کہ لوگوں کے دلوں میں مجاہدت اور شہادت کا جذبہ پایا جاتا ہے کیونکہ تکفیریوں اور دہشت گردوں کی جانب سے شدید خطرات کے باوجود دنیا بھر سے اتنے لوگوں کا آنا اللہ تعالی کی راہ میں قربان ہونے کے رجحان اور جذبہ کی علامت ہے۔
امام خامنہ ای نے مزید کہا کہ میں عراقی حکومت، عوام اور حشد الشعبی سمیت تمام سیکیورٹی فورسز کا شکر گزار ہوں کہ جنہوں نے پورے خلوص نیت کے ساتھ زائرین امام حسین علیہ السلام کی احسن طریقے سے خدمت کی۔
واضح رہے کہ عراقی عوام نے اربعین امام حسین(ع) کے موقع پر آنے والے کروڑوں زائرین کی کھلے دل کے ساتھ مکمل طور پر ہر حوالے سے خدمت کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی ہے کہ عراقی عطا کرنے والے اور مہمان نواز قوم ہے اور ان کی مثال پوری دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی ہے۔
خیال رہے کہ ہر سال حریت، آزادی، عدل اور انصاف کے مظہر نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے مختلف ملکوں کے مختلف مکاتب اور ادیان سے تعلق رکھنے والے کروڑں افراد عراق میں اربعین حسینی مارچ میں شرکت کرتے ہیں جن کی خاطر خواہ مہمان نوازی کی جاتی ہے۔
یوم اربعین کو دنیا کے مختلف ممالک میں شیعیان اہل بیت سڑکوں پر ماتمی دستے نکالتے ہیں اسی طرح امام حسین علیہ السلام سے عقیدت رکھنے والے قافلوں کی صورت میں اس دن کربلا پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور آخری چند دنوں میں اربعین کے دن کربلا کی طرف پیدل چل کر سید الشہداء علیہ السلام کی زیارت کیلئے جانا شیعوں کے اہم ترین اور عظیم ترین مراسم میں تبدیل ہو گیا ہے یہاں تک کہ یہ دنیا کی سب سے بڑے مذہبی تہواروں میں شامل ہوگیا ہے۔