دفتر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے امام باڑہ سبطین آباد میں مجالس کا انعقاد،پہلی مجلس کو مولانا فریدالحسن تقوی نے خطاب کیا
M.U.H
06/01/2022
لکھنؤ ۶ جنوری : دختر رسول ؑ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے موقع پر دفتر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای ،دہلی کی جانب سے امام باڑہ سبطین آباد حضرت گنج لکھنؤمیں دوروزہ مجالس کا انعقاد کیا گیا ۔اس سلسلے کی پہلی مجلس کو مولانا سید فریدالحسن تقوی مدیر جامعہ ناظمیہ نے خطاب کیا ۔مجلس کا آغاز قاری معصوم مہدی نے تلاوت قرآن مجید سے کیا ۔اس کے بعد معروف ناظم مولانا احمد رضا بجنوری کی نظامت میں پروگرام پایۂ تکمیل تک پہونچا ۔مجلس میں شعرائے کرام نے بھی نذرانۂ عقیدت پیش کیا جن میں جناب کلب عباس ،جناب علی مہدی ،جناب محمد کونین نقوی اور جناب حسنین رضوی شامل ہیں ۔
مولانا سید فریدالحسن تقوی نے مجلس کو خطاب کرتے ہوئے سیرت جناب فاطمہ زہرا ؑ کے مختلف پہلوئوں کو روشن فرمایا ۔مولانا نے کہاکہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا جزو رسالت اور خواتین کے لیے نمونۂ عمل ہیں ۔آپ کے دروازہ پر جب بھی حضرت رسول خداؐ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم تشریف لاتے تو ’السلام علیک یا اہلبیت النبوۃ ‘کہہ کر سلام کیا کرتے تھے۔مولانانے کہاکہ بی بی ؑ کے علاوہ پیغمبر اسلام ؐ کبھی کسی کے احترام میں کھڑے نہیں ہوئے ۔جب بھی حضرت فاطمہ زہراؑ آپ کی خدمت میں تشریف لاتی تھیں ،آپؐ احترام میں کھڑے ہوجایا کرتے تھے ۔افسوس ایسی عظیم بی بی ؑ کے ساتھ مسلمانوں نے انتہائی ناروا سلوک کیاجس ظلم کی مثال تاریخ انسانیت میں نہیں ملتی ۔مولانانے مجلس کے آخر میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کا واقعہ بیان کیا جسے سن کر مومنین نے بیحد گریہ کیا ۔مولانانے دوران مجلس واقعہ فدک کو تفصیل کے ساتھ بیان کیا ۔