لکھنؤ،22ستمبر: امام باڑہ غفرآ نمآب لکھنؤ میں عشرۂ محرم کی پہلی مجلس کو مولانا سید کلب جواد نقوی نے خطاب کیا۔ مجلس میں ہزاروں مرد و خواتین نے حصہ لیا۔ مجلس اپنے وقت معین پر شروع ہوئی اور مولانا نے مومنین کو ابتداء میں ماہ محرم کی اہمیت پر خطاب کیا ۔ مولانا کلب جواد نے ماہ محرم کا چاند نمودار ہوتے ہی نئے سال کی مبارکباد دینے والوں کو بھی عقلی و قرآنی دلائل سے جواب دیا۔ مولانا نے ماہ محرم کی عظمت اور شہادت عظمیٰ کی اہمیت کو قرآن اور احادیث سے ثابت کیا۔
امام باڑہ غفرآنمآب کی مجلس ختم ہونے کے بعد امام باڑہ آغا باقر میں مولانا میثم زیدی نے مجلس کو خطاب کیا اور نماز ظہر کےبعد امام باڑہ ناظم صاحب میں مرثیہ کی مجلس منعقد ہوئی ۔
مدرسہ ناظمیہ میں مولانا حمید الحسن نے قدیمی مجلس کو خطاب کیا۔
شام میں30: 4 بجے مقبرہ سعادت علی خاں میں مولانا علی عباس خان نے عزاداروں کو خطاب کیا ۔
واضح رہے کہ شہر لکھنؤ کے متعدد عزاخانوں اور محلوں میں مجالس عزا کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ تمام مجالس دیرینہ روایت کے مطابق انجام پا رہی ہیں۔ ضلع انتظامیہ بھی مجالس کے نظم و نسق کے سلسلے میں چاق و چوبند رہا امید کی جاتی ہے ماہ محروم میں شیعہ و سنی اور تمام محبان حسین ؑ امن و اتحاد کا ثبوت دیتےہوئے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔