پاکستان یکم جون ۔ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر حافظ ریاض حسین نجفی اور علامہ سید نیاز حسین نقوی کے بہنوئی جامعہ علمیہ ڈیفنس کراچی کے بزرگ مدرس حجتہ الاسلام والمسلمین مولانا سید امیر حسین حسینی انتقال کرگئے ہیں۔ مرحوم کو کراچی میں دفن کر دیا گیا۔ ان کے انتقال پر علامہ سید ساجد علی نقوی، وفاق المدارس الشیعہ کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری، شیعہ علما کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی، شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری اور دیگر رہنماوں نے علمی شخصیت اور استاد مولانا امیر حسینی کی وفات پر اظہار تعزیت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔
مرحوم مولانا امیر حسینی جامعتہ المنتظر کے طالبعلم رہے، وہ اسلامی جمہوریہ ایران میں جج کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیتے رہے، محسن ملت مولانا صفدر حسین نجفی کی خواہش پر مستعفی ہوکر جامعہ علمیہ کراچی میں پرنسپل کے فرائض سرانجام دینے لگے تھے۔ دریں اثنا جامعہ قبازردیہ سکردو کے پرنسپل حجتہ الاسلام والمسلمین مولانا شیخ غلام حسن ناظم الدین کے انتقال پر حافظ ریاض نجفی، علامہ نیاز نقوی اور علامہ افضل حیدری نے مرحوم کے خانوادہ اور جامعہ قبازردیہ کے علماءکرام و طلبا ءکی خدمت میں تعزیت وتسلیت پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ خداوند متعال ان علماءکرام کے درجات بلند فرمائے اور دینی خدمات و زحمات پر اجر عظیم عطا فرمائے۔