لکھنؤ۳۱ جولائ : مجلس علماء ہند،مہدی ایسو سی ایشن کے رکن شبیب رضوی کی اس تقریر کی مذمت کرتی ہے جس کےویڈیو میں وہ عالم اسلام کی عظیم ہستی کا تمسخر کررہے ہیں۔ایسے افراد اپنی جہالت کی بنا پر یا جان بوجھ کر سامراج کی سازشوں کا شکار ہوکر ایسی حرکتیں کررہے ہیں ۔سامراجی سازشوں کے شکار رسومات کو دین کا نام دے کر پیش کررہے ہیں اور مرجعیت کی مخالفت کو اپنا ہدف اصلی قراردیے ہوئے ہیں،ایسے افراد کو بے نقاب کرنا ضروری ہے ۔
اگرتنظیم مہدی ایسوسی ایشن یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ ایک دیندار اور دردقوم رکھنےوالی مخلص تنظیم ہے تو اسے چاہئے کہ ایسے تخریب کار اراکین کو برخاست کرے اور تنظیم کے رکن کی حیثیت سے دیے گئے انکے بیان کی مذمت کرتے ہوئے خود بھی معذرت کرے ۔مجلس علماء ہند تمام حق پرست افراد ،علماء کرام اور اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ ایسے افراد کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے جو مرجعیت اور مکتب تشیع کے مفاخر و مقدسات کو نشانہ بنارہے ہیں۔صرف مکتب تشیع ہی نہیں بلکہ مقدسات اھل سنت اور دیگر مذاہب کے مقدسات کی اہانت کرکے جواختلاف و انتشار پھیلانےکی کوشش کی جارہی ہے اسکے خلاف عملی اقدامات ضروری ہیں۔
بہرحال مرجعیت ایسے افراد کی دریدہ دہنی ،ہذیان گوئ اور الزام تراشیوں سے بہت بلند و برترہے اور ان شاء اللہ رہے گی ۔خدا تمام مراجع کرام اور علماء حق کے ساتھ مؤمنین کو باطل کے شر سے محفوظ رکھے ۔آمین۔