لکھنؤ۲۵ دسمبر : نقیب اتحاد بین المسلمین آقائے شریعت مولانا سید کلب عابد طاب ثراہ کے ایصال ثواب کے لئےامام باڑہ غفرانمآب میں دوروزہ مجالس کا انعقاد کیا گیا۔پہلی مجلس کو مولانا مرزا فرحت عباس نے خطاب کیا۔مولانانے اپنی گفتگو میں حدیث کساء کی اہمیت اور اسکی سند کے اعتبار پر سیر حاصل تبصرہ کیا ۔
مولانانے اپنے بیان میں اتحاد بین المسلمین کی اہمیت پر بھی زور دیا اورکہاکہ ہمیں سامراجی طاقتوں کی سازشوں سے ہوشیاررہنا ہوگا ۔اس وقت سامراج کی پہلی کوشش ہماری صفوں میں انتشار پیدا کرناہے اسکے لئے وہ آلۂ کار تلاش کرتاہے جو آسانی سے مل جاتے ہیں مگر ہمیں ہر وقت ہوشیاررہنا ہوگا تاکہ ہر محاذ پر اسکی منصوبہ بندیوں کو شکست دی جاسکے ۔مولانانے دوران مجلس آقائے شریعت مولانا سید کلب عابد طاب ثراہ کی علمی و سماجی خدمات کا بیان بھی کیا۔مولانانے کہاکہ انکی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انکی مقبولیت کی دلیل یہ ہے کہ انکی نماز جنازہ میں ہر فرقے کے افراد نے شرکت کی اور آج تک لوگ انہیں یاد کرتے ہیں۔
مجلس سے قبل قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا تھا ۔مجلس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔اسکے بعد شعراء کرام نے بارگاہ اہلبیت اطہارؑ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا ۔مجلس کے اختتام پر آقائے شریعت کی ترویح روح کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔