پٹنہ : آج تک نیوز چینل کے شرپسند اینکر روہت سردانا کے ہتک آمیز ٹویٹ اور دختر رسول،ؐ زوجہ رسولؐ اور مادرجناب عیسیؑ کے سلسلہ میں گستاخانہ تبصرہ کے خلاف آج پٹنہ میں شہر کی تمام ماتمی انجمنوں کے زیر اہتمام باولی امام بارگاہ سےعظیم الشان احتجاجی جلوس برآمد ہوکر ایس.ڈی او .پٹنہ سیٹی پر اختتام پذیر ہوا۔ مظاہرہ میں ہر مذ ہب وملت کے افراد نے بھاری تعداد میں شرکت کی ۔مظاہرین نے روہت سردانا اور آج تک نیوز چینل کے خلاف مردہ باد کے نعرے لگائے ۔
جلوس کی قیادت علماء کرام میں مولانا امانت حسین (رکن مجلس علماء ھند)مولانا اسد رضا اور مولانا شمشاد علی کر رہے تھے ۔مظاہرہ کے اختتام پر مولانا امانت حسین نے مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ روہت سردانا کا ٹویٹ ایک منصوبہ بند سازش کا حصہ ہے ۔اس ٹویٹ میں عیسائیوں اور مسلمانوں کی مقدس ہستیوں کی اہانت کی گئی ہے۔ ہم حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے شرپسند فکر کے مالک اور ان جیسے افراد کو حکومت ایسی سزا دے کہ پھر کوئی ہمارے وطن کےاتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی ہمت نہ کرسکے۔مولانا نے کہاکہ قابل افسوس یہ ہے کہ ابھی تک نیوز چینل نے بھی اپنے اینکر کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جس سے واضح ہوتاہے کہ اس سازش کے پیچھے چینل کا بھی ہاتھ ہے ورنہ نیوز اسٹوڈیو کی ریکارڈنگ کو اس طرح وائرل نہ کیا جاتا ۔
احتجاجی مارچ میں پٹنہ شہر کے مؤمنین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔جن میں تنویر الحسن خان،جوہر امام،سرور امام،سنجر علی خان،شاکر حسین ،پرویز علی اور انجمن ہائی ماتمی کے عہدیداروں نے مظاہرہ میں شریک ہوکر روہت سردانا کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔