لکھنؤ ۶جولائ: جنت البقیع میں مزارات مقدسہ کی تعمیر نو کے لئے مجلس علماء ہند کی جانب سے ملک گیر دستخطی مہم کا آغازآج درگاہ حضرت عباس رستم نگر لکھنؤ سے ہوا ۔مجلس علماء ہند کی جانب سے دہلی کے بعد حیدرآباد ،لکھنؤ اور دیگر ریاستوں میں دستخطی مہم چلائی جارہی ہے ۔۶ جولائ سے لکھنؤ میں بھی دستخطی مہم کا آغاز ہوچکاہے۔یہ مہم پورے مہینہ لکھنؤ کے مختلف علاقوں میں جاری رہے گی۔۷ جولائ کو آصفی مسجد میں کیمپ لگایا جائے گا ۔اور ۷ جولائ کو ہی شام میں ۴ بجے دریاوالی مسجد پر دستخطی مہم چلائی جائے گی۔وہ مؤمنین جو اپنے علاقوں میں کیمپ لگاناچاہتے ہیں مجلس علماء ہند کے دفتر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
درگاہ حضرت عباس رستم نگر لکھنؤ میں کثیر تعداد میں مؤمنین نے دستخطی مہم میں حصہ لیا ،خاص طورپر عزاداری بورڈ کے اراکین نے بھر پور تعاون کیا جس میں میثم رضوی،ہدایت نواب ، ظفر حسین منے،الیاس رضا،شان حیدر،رضا عباس،ظفرحسین،مراد حسین ،شباب اصغراور دیگر انجمن ہائی ماتمی کے اراکین نے اس دستخطی مہم کے لئے بھر پور تعاون کیا۔درگاہ حضرت عباس میں سہ پہر ۴ بجے سے رات میں ۸ بجے تک دستخطی مہم جاری رہی ۔
ماہ شوال کے اختتام پر مجلس علماء ہند ان تمام دستخطوں کو میمورنڈم کے ساتھ اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری اور وزیراعظم نریندر مودی کو ارسال کرے گی ۔اس دستخطی مہم کا واحد مقصد یہ ہے کہ جنت البقیع میں دختر رسول جناب فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی قبر کے ساتھ ائمہ معصومین ،صحابہ کرام اور ازواج رسول کی قبروں کی تعمیر نو کے لئے مقدور بھر کوشش کی جائے ۔یہ دستخطی مہم مولانا سید کلب جواد نقوی کی سرپرستی میں چلائی جارہی ہے ۔مولانا نے تمام مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ اس دستخطی مہم میں حصہ لیں اور جنت البقیع میں مزارات مقدسہ کی تعمیر نو کے لئے آواز احتجاج بلند کریں ۔