بحرین میں فوجی عدالت نے دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور ایک فوجی افسر کو قتل کرنے کی سازش رچنے کے الزامات ميں قصوروار پائے جانے پر چھ شیعہ افراد کی شہریت منسوخ کردی اور انہيں سزائے موت سنائی۔ یہ اطلاع بحرین کی سرکاری خبررساں ایجنسی بی این اے نے آج دی ہے۔
سزاسنائے جانے والے ملزمان میںایک فوجی اہلکار بھی شامل ہے اور انہيں متعدد دہشت گردانہ حملے کے ملزم قرار دیتے ہوئے بحرینی فوج کے ایک سینئر افسر کے قتل کی سازش رچنے کا بھی قصور وار قرار دیا ہے۔
بی این اے کی رپورٹ کے مطابق سرکاری استغاثہ کے بیان میں کہا گيا ہے کہ فوجی عدالت نے اس معاملے میں دیگر سات ملزمان کو سات سال قید کی سزا سنائی ہے اور ان کی شہریت بھی منسوخ کردی ہے، جبکہ پانچ دیگر ملزمان کو بری کردیا گيا ہے۔
اس کیس میں آٹھ دیگر افراد کو غیر موجودگی میں قصوروار قرار دیا گيا ہے، جو عراق یا ایران فرار ہوچکے ہيں۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے غیر موجود ملزمین میں سے کس کو قید یا سزائے موت دی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہےکہ فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کی جاسکتی ہے۔