کچلاک میں نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق چمن سے آنے والی گاڑی پر نامعلوم افراد نے کچلاک میں اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق مقامی ہزارہ برادری سے تھا یا یہ لوگ افغانستان سے آ رہے تھے۔
گاڑی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ کچلاک میں ایک پٹرول پمپ پر ایندھن بھروانے کے لیے رکی، ہلاک ہونے والوں میں دو خواتین بھی شامل ہیں جب کہ فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متعلقہ حکام کو حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کی ہے۔