دہلی ۱۷ ستمبر : درگاہ پنجہ شریف دہلی میں شہید آزادی مولوی محمد باقر رحمتہ اللہ علیہ کے صحافتی کارناموں اور علمی و سماجی خدمات پر توسیعی خطبہ کا اہتمام کیا گیا ۔یہ پروگرام انجمن حسینی رجسٹرڈ درگاہ پنجہ شریف کی جانب سے منعقد ہوا ۔پروگرام کی پہلی تقریر صدر محترم حجتہ الاسلام مولانا محسن تقوی نے کی ۔مولانانے کہاکہ شہید مولوی محمد باقر رحمتہ اللہ علیہ کو فراموش کردیا گیاہے ۔وہ ایک باعمل عالم اور مستند صحافی تھے ۔مولوی محمد باقر نے اپنے کردار اور عمل سے یہ ثابت کردیا تھا کہ دین اورسیاست کا باہمی ربط کیا ہے اور کیوں ہے ۔
پروگرام میں توسیعی خطبہ عادل فراز نے پیش کیا ۔عادل فراز نے مولولی محد باقر کے خاندانی پس مںظر ،انکے علمی جاہ و جلال ،تصنیفی خدمات و رشحات قلم اور صحافتی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔عادل فراز نے کہاکہ جس زمانہ میں ذرائع ابلاغ نا کے برابر تھے اور ایسٹ انڈیا کمپنی نے دل و دماغ پر تالے ڈالے دیے تھے اس عہد مین مولوی محمد باقر کا صحافتی خدمات کا انجام دینا اور ببانگ دہل سامراجی نظام کے خلاف علم بغاوت بلندکرنا بے نظیر کارنامہ ہے ۔عادل فراز نے کہاکہ آج مولوی محمد باقر کی خدمات کو فراموش کردیا گیا اور اکثریت انکے نام سے بھی واقف نہیں ہے یہ ہماری بے حسی کی دلیل ہے ۔ضروری ہے کہ ان کی حیات و خدمات کا جائزہ لیاجائے اور ان پر سیر حاصل کام ہو ۔
پروگرام کا آخری خطبہ مولانا علی حیدر غازی نے پیش کیا ۔مولانانے شہید مولوی محمد باقری حیات کا مختصر خاکہ پیش کیا ۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا اظہر سانکھنوی نے انجام دیے ۔جلسہ مین علماء کرام اور مومنین نے شرکت کی ۔
پروگرام کے بعد مولوی محمد باقر کی ترویح روح کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور اگلے دن مولوی محمد باقر رحمتہ اللہ علیہ کی تعمیر کردہ امام بارگاہ ’’آزاد منزل ‘‘کا جائزہ لیاگیا جس میں اس وقت موٹرپارٹس کی دوکانیں کھلی ہیں۔آزاد منزل کے قریب ہی انکی تعمیر کردہ مسجد ہے جو خستہ حالت میں موجود ہے ۔