داراشکوہ فائونڈیشن کے زیر اہتمام عید میلادالنبی کا انعقاد کیا گیا،سیرت رسول پاکؐ پر مقررین نے تفصیلی روشنی ڈالی
علی گڑھ ۳۱ دسمبر: زہرہ باغ علی گڑھ میں داراشکوہ فائونڈیشن کی جانب سے عید میلادالنبی کا انعقاد عمل میں آیا جسمیں ملک بھر سے مختلف علماء کرام شامل ہوئے ۔پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا ۔اسکے بعد شان رسالتمآب میں شعرائے کرام نے نذرانۂ عقیدت پیش کیا۔خاص طورپر مولانا حسنین نیازی نے سنسکرت زبان میں نعت پاک پیش کی اور سبھوں کا دل جیت لیا۔
مولانا منور حسین نے سیرت رسول اکرمؐ کی روشنی میں پڑوسیوں کے حقوق بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں سیرت رسول اکرمؐ کو نگاہ میں رکھتے ہوئے اپنے پڑوسیوں کی بلاتفریق مذہب و ملت اور رنگ و نسل کے خدمت انجام دینی چاہئے ۔انکے حقوق کا خیال رکھیں اور اپنے کردار اور حسن عمل سے انکا دل جیتنے کی کوشش کریں۔
مہمان خصوصی مولانا سید کلب جواد نقوی نے اتحاد اور امن کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے کہاکہ اسلام رسول خداؐ کے اخلاق،کردار اور محبت سے پھیلا ہے ۔یہ پروپیگنڈہ اسلام مخالف طاقتوں نے کیاہے کہ اسلام تلوار کے زور پر پھیلا۔اگر ہم سیرت رسول اکرمؐ کا مطالعہ کرینگے تو معلوم ہوگاکہ رسول ؐ اسلام نے اسلام کو پھیلانے میں کبھی کسی ہتھیار کا استعمال نہہیں کیا بلکہ آپؐ دشمنوں سے بھی حسن اخلاق سے پیش آتے تھے فتح مکہ اور دوسرے واقعات اس کے گواہ ہیں۔مولانانے کہاکہ تلوار سے دشمن کو مٹایا جاسکتاہے مگر دشمنی کو نہیںمگر محبت اور حسن اخلاق سے دشمنی کو ختم کیا جاسکتاہے ۔
پروفیسر عباس نیازی نے تعلیم کی اہمیت و افادیت پر تقریر کی۔اسکے علاوہ مولانا نور عالم نے بھی سیرت پاک ؐ پر روشنی ڈالی ۔پروگرام کے آخر میں صدر محترم سید جمال احمد صاحب نے ملک میں نفرت کے خاتمہ اور امن و اتحاد کے موضوع پر تقریر کی ۔جلسہ کے اختتام پر داراشکوہ فائوندیشن کے صدر محمد عامر رشید نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیااور ملک میں امن و بھائی چارہ قائم رکھنے کی اپیل کی ۔پروگرام میں عرفی رشید،پرویز عظیم ،وسیم اختر ،عظیم الدین ،ڈاکٹر ایم یو خان،تنویر رشید،سلامن،فراز ولی ،پرمود کمار،آراین سنگھ ،حاجی محمد رشید قریشی نے کاخصوصی تعاون پیش کیا۔