مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہےکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی خوشنودی کے لئے قطر کا زمینی و فضائی محاصرہ کیا گیا ہے، آج تک اسرائیل کی پروازیں بند نہیں کی گئیں، لیکن سعودی عرب نے قطر کی پروازوں پر پابندی لگا کر یہ ثابت کیا ہے کہ آل سعود امریکی تابعداری میں پیش پیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 41 ممالک کا اتحاد دراصل امریکی اتحاد ہے، جس کا مقصد مسلمانوں کی تقسیم ہے، یہ فرقہ وارانہ اتحاد امریکی و اسرائیلی مفادات کے لئے تشکیل دیا گیا ہے، جنرل (ر) راحیل شریف کا ایسے اتحاد کی سربراہی قبول کرنا پاکستان اور امت مسلمہ کے مفادات کے منافی ہے، انہیں واپس بلایا جائے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں ملت تشیع کو پاکستانی اور شیعہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، کراچی، کوئٹہ اور پارا چنار ہمارے لئے مقتل بنے ہوئے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ایک طرف ہم دہشتگردی کا شکار ہیں، دوسری طرف حکومتی ادارے ملت تشیع کے نوجوانوں کو اٹھا کر لے جاتے ہیں، ان نوجوانوں کے خاندان انصاف کے متلاشی ہیں، حکمرانوں سے مطالبہ ہے کہ اس ظلم کو روکا جائے۔