امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام صبر، حکمت اور تحفظِ اسلام کا انقلابی اسوہ
8
M.U.H
05/03/2026
0 0
تحریر:مولانا سید منظور عالم جعفری
مقدمہ
اسلامی تاریخ میں بعض شخصیات ایسی ہیں جن کی حیاتِ طیبہ کو محض سوانحی انداز میں بیان کرنا ان کے مقام کے ساتھ انصاف نہیں کرتا۔ ان کی زندگی ایک فکری مکتب، ایک عملی نظام اور ایک ہمہ جہت پیغام کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہی عظیم ہستیوں میں امام حسن مجتبی علیہ السلام کا نام نہایت درخشاں ہے۔آپ رسول اکرم ﷺ کے نواسے، امام علی بن ابی طالب علیہ السلام کے فرزند اور حضرت فاطمہ زہراء علیہا السلام کے لختِ جگر تھے۔ آپ کی شخصیت میں نبوی رحمت، علوی شجاعت اور فاطمی طہارت کا حسین امتزاج نظر آتا ہے۔
امام حسنؑ کی زندگی کا سب سے نمایاں پہلو” صلح“ہے، مگر اس صلح کو اگر سطحی سیاسی سمجھوتہ سمجھا جائے تو یہ تاریخ کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ درحقیقت یہ ایک حکیمانہ اور طویل المدت انقلابی حکمتِ عملی تھی جس نے اسلام کے مستقبل کو محفوظ کیا اور بعد کے تاریخی مراحل خصوصاً تحریکِ حسینی کے لیے فکری و عملی زمین ہموار کی۔
یہ مقالہ امام حسن علیہ السلام کی سیرت کا جامع، تحقیقی اور تجزیاتی مطالعہ پیش کرتا ہے، جس میں تاریخی واقعات، اخلاقی پہلو، سیاسی بصیرت، قرآنی اشارات اور عصرِ حاضر کے لیے رہنمائی کو منظم انداز میں بیان کیا گیا ہے۔
نسب، ولادت اور عہدِ نبوی میں تربیت
امام حسن علیہ السلام کا تعلق اُس گھرانے اور ان افراد سے ہے جن کو قرآن نے ” اہلِ بیتؑ“ کے عنوان سے یاد کیا۔ آپ کا سلسلہ نسب رسول اکرم ﷺ سے براہِ راست جڑتا ہے، جس نے آپ کے روحانی مقام کو ابتدا ہی سے ایک ممتاز حیثیت عطا کی۔ آپ کی ولادت ۱۵ /رمضان المبارک۳/ ہجری مدینہ منورہ میں ہوئی۔ تاریخی شواہد کی بنا پر پیغمبر اکرمؐ نے آپ کا اسم گرامی حسنؑ رکھا ، روایات کے مطابق”حسن“ نام جنتی ناموں میں سے ہے اور اسلام میں پہلی بار یہ نام رکھا گیا۔امام حسنؑ نے تقریباً سات سال رسول اکرم ﷺ کی براہِ راست تربیت میں گزارے۔ بیعت رضوان اورنجران کے عیسائیوں کے ساتھ مباہلہ میں آپ اپنے نانا کے ساتھ شریک ہوئے۔
رسول اللہ ﷺ سے حدیث میں وارد ہوا ہے:”الحسن والحسین سيدا شباب أهل الجنة “ حسن اور حسین جوانان جنت کے سردار ہیں۔ یہ تربیت محض جذباتی تعلق نہیں بلکہ عملی نمونہ تھی؛ آپ مسجد نبوی میں رسول ﷺ کے دوش مبارک پر سوار ہوتے، خطبہ کے دوران آپ کو گود میں اٹھایا جاتا، اور امت کے سامنے اہل بیتؑ کی عظمت عملاً دکھائی جاتی۔
فضائل و مناقب اور قرآنی اشارات
امام حسن علیہ السلام ان مقدس ہستیوں میں شامل ہیں جن کے بارے میں متعدد آیات نازل ہوئیں:
آیت تطہیر: سورہ احزاب کی ۳۳ویں آیت کا دوسرا حصہ ہے جس میں اللہ تعالی نے اہل بیتؑ کو ہر قسم کی نجاست اور پلیدی سے پاک رکھنے کے تکوینی ارادے کا اظہار فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا ہے۔ ”إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنكُمُ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيرًا “ ترجمہ: بس اللہ کا ارادہ یہ ہے اے اہلبیتؑ کہ تم سے ہر برائی کو دور رکھے اور اس طرح پاک و پاکیزہ رکھے جو پاک و پاکیزہ رکھنے کا حق ہے۔
شیعہ علما اور متکلمین ائمۂ معصومینؑ کی عصمت کے اثبات کے لئے اس آیت سے استناد و استدلال کرتے ہیں اور لفظ "الرجس" میں موجود الف و لام کو مد نظر رکھتے ہوئے اہل بیتؑ کو ہر قسم کی فکری اور عملی پلیدی جیسے شرک، کُفر، نفاق، جہل اور گناہ سے پاک سمجھتے ہیں۔
آیت مودت: سورہ شوری کی آیت ۲۳ کا حصہ ہے جو اہلبیت رسولﷺ کی فضیلت پر دلالت کرتی ہے اور تاکید کرتی ہے کہ رسول اکرم ﷺکی رسالت کا مزد و اجر اہلبیتؑ کی مودت ہے۔خداوند عالم ارشاد فرماتا ہے: ” قُل لَّا أَسْأَلُکُمْ عَلَیهِ أَجْرًا إِلَّا الْمَوَدَّةَ فِی الْقُرْبَی وَمَن یقْتَرِفْ حَسَنَةً نَّزِدْ لَهُ فِیهَا حُسْنًا إِنَّ اللهَ غَفُورٌ شَکُورٌ “ترجمہ: آپﷺکہیے کہ میں تم سے اس(تبلیغ و رسالت) پر کوئی معاوضہ نہیں مانگتا سوائے اپنے قرابتداروں کی محبت کے اورجو کوئی نیک کام کرے گا ہم اسکی نیکی میں اضافہ کردیں گے یقیناً اللہ بڑا بخشنے والا(اور) بڑا قدردان ہے۔
مفسرین "ذوی القربی" کی تفسیر میں لکھتے ہیں : "ذوی القربی" سے مراد "علیؑ"، "فاطمہؑ"اور ان کے دو فرزند "حسنؑ" اور "حسینؑ" علیہم السلام ہیں اور رسول اللہ ﷺ اس عبارت کو تین مرتبہ دہرایا تاکہ اذہان میں ہمیشہ کے لئے باقی اور زندہ رہے۔
آیت مُباہلہ؛ سورہ آ ل عمران کی ۶۱ویں آیت ہے جس میں خداوند کریم فرماتا ہے: ” فَمَنْ حَاجَّک فِیہِ مِن بَعْدِ مَا جَاءَک مِنَ الْعِلْمِ فَقُلْ تَعَالَوْا نَدْعُ أَبْنَاءَنَا وَأَبْنَاءَکمْ وَنِسَاءَنَا وَنِسَاءَکمْ وَأَنفُسَنَا وَأَنفُسَکمْ ثُمَّ نَبْتَہِلْ فَنَجْعَللَّعْنَتَ اللَّہِ عَلَی الْکاذِبِینَ “
ترجمہ: (اے پیغمبرؐ) اس معاملہ میں تمہارے پاس صحیح علم آجانے کے بعد جو آپ سے حجت بازی کرے تو آپ ان سے کہیں کہ آؤ! ہم اپنے اپنے بیٹوں، اپنی اپنی عورتوں اور اپنے اپنے نفسوں کو بلائیں اور پھر مباہلہ کریں (بارگاہِ خدا میں دعا و التجا کریں) اور جھوٹوں پر خدا کی لعنت قرار دیں۔ (یعنی ہم اپنے بیٹوں کو بلائیں تم اپنے بیٹوں کو، ہم اپنی عورتوں کو بلائیں تم اپنی عورتوں کو اور ہم اپنے نفسوں کو بلائیں تم اپنے نفسوں کو۔ پھر اللہ کے سامنے گڑگڑائیں اور جھوٹوں پر خدا کی لعنت کریں)۔
اس آیت میں نبی اکرم ﷺ کا نجران کے عیسائیوں کے ساتھ مباہلہ کے واقعے کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیغمبر اکرم ﷺ اور عیسائیوں کے درمیان حضرت عیسیؑ کے مقام ومرتبے کے بارے میں پیدا ہونے والے اختلاف کے بعد پیش آیا۔شیعہ اور بعض اہلسنت مفسرین اس آیت کو پیغمبر اکرمؐ کی حقانیت اوراصحاب کساء یعنی پنچتن آل عبا کے فضائل میں شمار کرتے ہیں۔ اور کہتے ہیں کہ اس آیت میں «اَبْناءَنا» (ہمارے بیٹے) سے مراد امام حسن و امام حسین علیہما السلام«نِساءَنا» (ہماری خواتین) سے مراد حضرت فاطمہ زہرا علیہا السلام اور «اَنْفُسَنا» (ہمارے نفسوں) سے مراد حضرت علی علیہ السلام ہیں ۔
اخلاقی شخصیت: کریمِ اہل بیت
امام حسن علیہ السلام ہر جہت سے کامل تھے آپ کے وجود مقدس میں انسانیت کی اعلی ترین نشانیاں جلوہ گر تھیں۔ جلال الدین سیوطی اپنی تاریخ کی کتاب میں لکھتے ہیں کہ ”حسن علیہ السلام بن علیعلیہ السلام اخلاقی امتیازات اور بے پناہ انسانی فضائل کے حامل تھے ایک بزرگ، باوقار، بردبار، متین، سخی، نیز لوگوں کی محبتوں کا مرکز تھے “۔
سخاوت: امام علیہ السلام کی سخاوت اور عطا کے سلسلہ میں اتنا ہی بیان کافی ہے کہ آپ نے اپنی زندگی میں دو مرتبہ مکمل مال راہِ خدا میں دیااور تین بار اپنے پاس موجود تمام چیزوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا۔ آدھا راہ خدا میں دیا اور آدھا اپنے پاس رکھا ۔
آپؑ کی سخاوت وقتی جذبات کا نتیجہ نہیں بلکہ منظم سماجی کفالت کا نمونہ تھی۔ اسی وجہ سے آپ کو “کریمِ اہل بیتؑ” کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔
حلم اور بردباری
ایک شامی نے آپؑ کو دیکھ کر گالیاں دینا شروع کر دیا جب وہ خاموش ہوا تو آپ نے اس کی طرف متوجہ ہو کر سلام کرکے مسکرا دئے اور فرمایا: مجھے معلوم ہے کہ تو مسافر ہے اور میری حقیقت تجھ پر روشن نہیں ہے ، اگر تو معافی مانگے گا تو تجھ سے راضی ہو جاؤں گا ، اگر کوئی چیز طلب کرے گا توعطا کرونگا ، اگر رہنمائی چاہے گا توراہنمائی کر دوں گا ، اگر بھوکا ہے تو تجھے سیر کردوں گا، اگر لباس نہیں رکھتا ہے تو لباس دونگا، اگر فقیر ہے تو غنی کر دونگا، میرا گھر وسیع اور میرے پاس بہت سا مال ہے اگر میرا مہمان ہوگا تو تیرے لئے بہتر ہے۔
جب شامی نے یہ آپؑ سے یہ تمام باتیں سنیں ، گریہ کرنے لگا اور رو کر کہنے لگا: میں گواہی دیتا ہوں آپؑ اللہ کے خلیفہ اور تمام لوگوں کے امام ہیں بیشک خدا بہتر جانتا ہے خلافت و امامت کہاں قرار دے، یابن رسول اللہ ! آپ کی ملاقات سے پہلے میں آپ کا اور آپ کے والد کا سخت دشمن تھا۔ اور تمام لوگوں میں پست ترین انسان سمجھتا تھا، لیکن اب آپ ع سے بے انتہا محبت کرتا ہوں اور آپ کو لوگوں میں بہترین شخص سمجھتا ہوں پھر وہ شخص حضرت کے بہت الشرف آیا اور جب تک مدینہ میں تھا حضرتؑ کامہمان رہا ،آپؑ کا یہ طرزِ عمل دلوں کو فتح کرنے والی قیادت کا مظہر ہے۔
عبادت و زہد
امام حسنؑ جب بھی مسجد جاتے سر مبارک کو آسمان کی طرف کرکے بارگاہ الہیٰ میں فرماتے تھے، خدایا تیرا مہمان تیرے در پر آیا ہے، اے نیکی دینے والے رب، ایک گنہگار تیری بارگاہ میں آیا ہے، اے کریم! تیرے خوبصورت فضل و کرامت کا واسطہ میرے گناہوں سے درگذر فرما ۔
آپ جب بھی عبادت کے لئے تیار ہوتے تو آپ کا رنگ تغییر کرتا تھا اور جسم لرزنے لگتا تھا آپ فرماتے: ”میں اُس ذات کے حضور کھڑا ہونے جا رہا ہوں جو زمین و آسمان کا مالک ہے“۔
شیخ کلینی اور شیخ صدوق نے بیان کیا ہے کہ امام حسین علیہ السلام سے منقول ہے کہ جب امام حسن علیہ السلام حالت احتضار میں تھے تو گریہ فرمانے لگے میں نے عرض کیا: آپ گریہ کر رہے ہیں جبکہ آپ نانا رسول خدا ﷺ کے نزدیک خاص مقام رکھتے ہیں اور نانا نے آپ کے بارے میں اتنا سب فرمایا اور جبکہ آپ بیس مرتبہ پا پیادہ حج پر مشرف ہوئے ہیں تین مرتبہ آپ نے اپنا سارا مال و منال راہ خدا میں فقراء و مساکین کو دے دیا حتی اپنے پیروں سے جوتیاں بھی اتار کر تقسیم کر دیں ایک اپنے لیے رکھی اور دوسری فقیر کو دے دی ۔
آپ نے جواب میں فرمایا: انما ابکی لھول المطلع و فراق الاحبۃ۔ میں جس سفر میں قدم رکھ رہا ہوں اس کے خوف سے رو رہا ہوں اور آپ عزیزوں کی جدائی پر گریہ کر رہا ہوں۔
خلافتِ امام حسنؑ
امام حسنؑ نے سیاسی کشمکش کے باوجود ہمیشہ امت کی وحدت کو ترجیح دی۔خلافتِ امیرالمؤمنینؑ کے دور میں جنگ جمل،جنگ صفین،جنگ نہروان میں آپؑ نے فعال کردار ادا کیا اور سپاہ کی قیادت کی۔ ۴۰ ہجری میں امیرالمؤمنینؑ کی شہادت کے بعد تقریباً چالیس ہزار افراد نے آپ کی بیعت کی۔ لیکن حالات نہایت پیچیدہ تھے کیونکہ شام میں معاویہ کی مضبوط حکومت تھی اور کوفہ میں قبائلی سیاست اپنے عروج پر تھی،آپؑ کے لشکر میں منافق عناصر کی تعداد کافی تھی، مالی رشوت اور سیاسی سازشوں میں معاویہ آپؑ کے لشکر کو توڑنے میں کامیاب رہا۔اور سپہ سالاروں کی خیانت (جیسے عبید اللہ بن عباس) نے فوجی قوت کو کمزور کر دیا۔
صلحِ امام حسنؑ
معاویہ کی شدید مخالفت اور اس کے حیلہ و فریب کے سبب جنگ کی نوبت آگئی اور وہ وقت یہاں تک آپہونچا کہ معاویہ کی فوج امام حسن ؑ کی فوج کے روبرو کھڑی ہو گئی جب امام حسنؑ نے اپنے سپاہیوں کے حالات اور ان کی کارکردگی کا معاینہ کیا تو ان میں اکثر کو خیانت کے جال میں پھنسا ہوا پایا لہذا آپ ؑ جنگ سے منصرف ہو کر معاویہ سے صلح کرنے پر مجبور ہوگئے۔
صلح کی شرائط
1۔ حسن (علیہ السلام) زمام حکومت معاویہ کے سپرد کر رہے ہیں اس شرط پر کہ معاویہ قرآن و سیرت پیغمبر ﷺ اور شائستہ خلفاء کی روش پر عمل کرے ۔
2۔ بدعت اور علی علیہ السلام کے لئے نا سزا کلمات ہر حال میں ممنوع قرار پائیں اور ان کی نیکی کے سوا اور کسی طرح یادنہ کیا جائے ۔
3۔ کوفہ کے بیت المال میں پچاس لاکھ درہم موجود ہیں، وہ امام مجتبی علیہ السلام کے زیر نظر خرچ ہوں گے ۔ اور معاویہ ‘ ‘ داراب گرد ‘ ‘ کی آمدنی سے ہر سال دس لاکھ درہم جنگ جمل و صفین کے ان شہداء کے پسماندگان میں تقسیم کرے گا جو حضرت علی علیہ السلام کی طرف سے لڑتے ہوئے شہید کر دیئے گئے تھے ۔
4۔ معاویہ اپنے بعد کسی کو خلیفہ معین نہ کرے ۔
5۔ ہر شخص چاہے وہ کسی بھی رنگ و نسل کا ہو اس کو مکمل تحفظ ملے اور کسی کو بھی معاویہ کے خلاف اس کے گذشتہ کاموں کو بنا پر سزا نہ دی جائے ۔
6۔ شیعیان علی علیہ السلام جہاں کہیں بھی ہوں محفوظ رہیں گے اور کوئی ان کو تنگ نہیں کرے گا ۔
امام علیہ السلام نے اور دوسری شرطوں کے ذریعہ اپنے بھائی امام حسین علیہ السلام اور اپنے چاہنے والوں کی جان کی حفاظت کی اور اپنے چند اصحاب کے ساتھ جن کی تعداد بہت ہی کم تھی ایک چھوٹا سا اسلامی لیکن با روح معاشرہ تشکیل دیا اور اسلام کو حتمی فنا سے بچالیا۔
تجزیہ: اگر جنگ جاری رہتی اور امام حسن مجتبی معاویہ سے صلح نہ کرتے تو اہل بیتؑ کی نسل خطرے میں پڑتی اور عین ممکن تھا معاویہ سب کو قتل کرادیتا۔
دوسرای طرف جنگ کے جاری رہنے سے اسلامی معاشرہ داخلی تباہی کا شکار ہوتا جو ہرگز بھی امام حسنؑ گوارہ نہیں تھا ۔ جنگ کے جاری رہنے کی صورت میں لوگوں کے درمیان حق و باطل کی تمیز مٹ جاتی۔ اس لیے کہا جاتا ہے صلح امام حسن ؑ نےاموی چہرہ بے نقاب کیا ، امام حسینؑ کی تحریک کا فکری پس منظر بنایا اور اسلام کی اصل روح کو محفوظ رکھا۔
شہادت اور اس کے اثرات
حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت ۵۰ ہجری میں ماہ صفر کی ۲۸تاریخ کو مدینہ میں ہوئی۔ معاویہ نے اپنے بیٹے یزید کی راہ ہموار کرنے کے لیےایک سازش کے تحت آپ کی جعدہ نامی زوجہ نے آپ کو زہر دیا تھا اور یہی زہر آپ کی شہادت کا سبب بنا۔جنت البقیع میں آپ کی تدفین ہوئی ۔
نتیجہ
امام حسن مجتبیؑ کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ: صبر کمزوری نہیں، قوت ہے،حکمت جنگ سے زیادہ مؤثر ہو سکتی ہے،اقتدار سے زیادہ اہم اسلام کی بقا ہے، قیادت اخلاقی معیار سے پہچانی جاتی ہے۔آپ کی صلح وقتی پسپائی نہیں بلکہ ایک استراتیجک فتح تھی جس نے اسلام کی اصل روح کو محفوظ رکھا اور تاریخ کو صحیح سمت دی۔
خلاصہ
یہ مقالہ امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی حیاتِ طیبہ کا جامع مطالعہ ہے جس میں نسب، فضائل، اخلاق، خلافت، صلح اور شہادت کا تحقیقی جائزہ پیش کیا گیا۔تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ امام حسنؑ کی حکمت عملی نے اسلام کو داخلی ٹوٹ پھوٹ سے بچایا اور ایک ایسے فکری تسلسل کو برقرار رکھا جس کا نقطۂ عروج کربلا کی صورت میں ظاہر ہوا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۱- ابن حنبل، المسند، ج۱، ص۹۸، ۱۱۸؛ کلینی، الکافی،ج۶، ص۳۳ـ۳۴۔
۲- الشيخ الطوسي، الأمالي، ص۳۱۲؛ الشيخ الصدوق، من لا يحضره الفقيه، ج۴، ص۱۷۹؛ الترمذي، سنن الترمذي،، ج۵، ص۶۵۶؛ ابن أبي شيبة، المصنّف، ج۶، ص۳۷۸، ح۳۲۱۷۶۔
۳- سورہ احزاب،آیت ۳۳۔
۴- سورہ شوری، آیت ۲۳۔
۵- طوسی، محمد بن حسن، التبیان فی تفسیر القرآن، ج9، ص158۔ وطبرسی، فضل بن حسن، مجمع البیان فی تفسیر القرآن، ج9، ص48۔
۶- سورہ آل عمران، آیت ۶۱۔
۷- مرعشى، احقاقالحق، ج۳، ص۴۶۔
۸- تاریخ الخلفاء ، ص ۱۸۹۔
۹- تاریخ یعقوبی ج ۲، ص۲۱۵، بحار الانوار ج ۴۳،ص ۳۳۲، تاریخ الخلفاء ،ص ۱۹۰، مناقب ،ج۴، ص ۱۴۔
۱۰- مناقب شہر آشوب ج ۴، ص۱۹، بحار الانوار ،ج ۴۳،ص ۳۴۴ ۔
۱۱-مناقب ،ج۳ ص، ۱۸۰، بحارالانوار، ج ۴۳، ص ۳۳۹ ۔
۱۲- کافی، ج۱،ص ۴۶۱، امالی، مجلس ۳۹، ص۱۳۳۔
۱۳- بحارالانوار ج ۴۴، ص ۶۵۔
۱۴- ارشاد مفید ،ص ۱۹۱ ،مقاتل الطالبین ،حیاة الامام الحسن بن علی ، ج۲،ص ۲۳۷، شرح نہج البلاغہ ابن ابی الحدید،ج ۴ ص ۱۶۔
۱۵- تاریخ دول الاسلام، ج ۱ ص ۵۳،حیاة الامام الحسن بن علی ،ج ۲ ،ص ۲۳۸، تذکرة الخواص ابن جوزی،ص ۱۸۰ ، تاریخ طبری، ج۵، ص ۱۶۰۔
۱۶- جوہرة الکلام، حیاة الامام الحسن بن علی ،ج۲ ص ۳۳۷۔
۱۷- بحارالانوار ، ج ۴۴ ص ۶۵۔
۱۸- مقاتل الطالبین ،ص ۴۳۔
۱۹ - ارشاد مفید حیاة الامام الحسن بن علی، ج ۲ ص ۲۳۷ ،شرح ابن ابی الحدید، ج ۴ ،ص ۱۶ ۔
۲۰- حیاة الامام الحسن بن علی ، ج ۱، ص ۲۳۹، مستدرک حاکم، ج ۴ ص ۴۷۹۔