تہران - ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ حکومت کی عالمی تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے کی کوششیں رنگ لائیں اور آج جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نے جنوبی کوریا کے ساتھ 8 ارب یورو کے تاریخی معاہدے پر دستخط کردئے۔
تفصیلات کے مطابق، ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان آج 8 ارب یورو کے معاہدے پر دستخط کئے گے جس کے تحت جنوبی کوریا ایران میں مختلف تعمیراتی اور توانائی منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کرے گا جس سے ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی۔ ایران کی سرمایہ کاری اور اقتصادی معاونت اتھارٹی کے سربراہ 'محمد خزاعی' اور جنوبی کوریا کے اگزیم بینک کے صدر نے معاہدے پر دستخط کئے۔
ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد یہ ایران کا کسی بھی ملک کے ساتھ تاریخی معاہدہ سمجھا جاتا ہے۔ اسی حوالے سے ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ 'ولی اللہ سیف' نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ دنیا کے ساتھ تعلقات کو فروغ اور عالمی تجارتی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے حوالے سے ایرانی حکومت کی جد و جہد رنگ لائی اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ جوہری معاہدے کے نفاذ اور عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد وطن عزیز میں تاریخی معاہدے پر دستخط ہونے جارہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں حکومت نے جو ملکی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کےلئے اقدامات اٹھائے تھے اس کے ثمرات حاصل ہورہے ہیں تاہم اس راہ میں بعض مسائل ہیں مگر اللہ کے فضل و کرم سے ترقی اور جد و جہد کا یہ سفر جاری رہے گا۔