ہیومن رائٹس واچ نے بحرین میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کی جیلوں میں قید سیاسی قیدی سیاسی اور سماجی حقوق سے محروم ہیں۔
انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کل رات اپنے بیان میں کہا کہ آل خلیفہ حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کے دوران کم سے کم 164افراد شہید اور ہزاروں گرفتار ہوئے۔
ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ قانونی اور سیاسی عدم شفافیت کی وجہ سے آل خلیفہ کی جیلوں میں 5 بحرینی قیدی تشدد سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے اور اس وقت 4 ہزار سیاسی قیدی جیلوں میں بند ہیں۔
بحرین میں فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ، نسل پرستانہ اور متعصبانہ اقدامات کے خلاف پر امن مظاہرے جاری ہیں۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں جمہوریت اور آزادی کے قیام کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
بحرینی حکومت کے فوجیوں نے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران بڑی تعداد میں بحرینی شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ہے جبکہ بہت سے بحرینی شہریوں کی شہریت بھی منسوخ کردی ہے۔ آل خلیفہ حکومت نے ہزاروں بحرینی شہریوں کو جیلوں میں بھی بند کردیا ہے۔