یمن کے عوام جوبائيڈن کے فریب میں آنے والے نہیں: یمنی رہنما
3092
M.U.H
05/02/2021
صنعا نے جنگ یمن کے حوالے سے امریکی صدر بائیڈن کے بیان پر رد رمل طاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اُن کے بہکاوے میں آنے والے نہیں ہیں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی حوثی نے یمن کے خلاف جنگ کی حمایت ختم کئے جانے سے متعلق امریکی دعوے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ یمنی ان باتوں سے دھوکہ کھانے والے نہيں ہيں۔
محمد علی حوثی نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں دوٹوک لفظوں میں کہا ہے کہ کسی بھی ایسے اقدام پر توجہ نہيں دی جا سکتی جو یمن کے محاصرے کے خاتمے پر منتج نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس قسم کی باتوں سے ہرگز فریب نہيں دیا جاسکتا۔
امریکہ کی سیکورٹی کونسل کے ایک سینئر رکن جیک سولیوان نے جمعرات کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ صدر جوبائيڈن یمن کے خلاف جارحیت کی حمایت سے دستبردار ہو جائيں گے جس سے خود یہ بات روشن ہو جاتی ہے کہ اب تک امریکہ، یمن میں جاری سعودی عرب کی بہیمانہ جارحیت کی بھرپور حمایت کرتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے اپنے عرب و غیر عرب اتحادیوں کے ساتھ مل کر عرب دنیا کے انتہائی غریب ملک یمن کو چھ سال سے اپنی بہیمانہ جارحیت کا نشانہ بنا رکھا ہے۔