یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہےکہ ہم ایران سے میزائل نہیں لیتے اور ایران پر امریکا کا تازہ الزام سعودی عرب کے ہاتھوں یمنی عوام کے قتل عام پر پردہ ڈالنے کی کوشش ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے سعودی عرب پر فائر کئے گئے یمنی میزائل کے ایرانی ساخت ہونے کے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے نئے ڈرامے کا مقصد یمنی عوام کا قتل عام کے لئے سعودی عرب کو ممنوعہ ہتھیاروں کو فروخت کا راستہ ہموار کرنا ہے۔
یمن کی اعلی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے اپنے ٹویٹر پیج پر لکھا کہ اگر امریکیوں کے دعوے کے مطابق ہم ایران سے میزائل حاصل کرتے ہیں تو ہم سعودی جنگی طیاروں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران سے اینٹی ایئر کرافٹ سسٹم بھی حاصل کرلیتے۔
انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے یمنی عوام کے قتل عام کا تہیہ کررکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن یمن کی جنگ میں سبھی جنگی اور سیاسی میدان میں شکست کھا چکا ہے۔
واضح رہے کہ یمنی حکام نے بارہا کہا ہے کہ یمنی فوج کی دفاعی طاقت پوری طرح سے اس کی اپنی تیار کردہ طاقت ہے اور یمن کا ہر طرف سے محاصرہ جاری رکھنے کے باوجود یمن کی دفاعی قوت میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔