دنیا میں ٹرمپ اور اس کے حواری ناکام رہ گئے: آیت اللہ کاشانی
3250
M.U.H
16/11/2018
ایرانی دارالحکومت کے امام جمعہ نے کہا ہے ڈونلڈ ٹرمپ اور اس کے حواری ایران کے خلاف جھوٹی کہانیوں اور میڈیا یلغار کے ذریعے خود کو کامیاب ثابت کرنا چاہتے ہیں مگر دنیا ان کی ناکامی کو جان چکی ہے۔
یہ بات آیت اللہ ''محمد امامی کاشانی'' نے آج تہران میں نماز جمعہ میں شریک ہزاروں نمازیوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آپ دیکھیں کہ آج امریکہ کہاں کھڑا ہے، اس نے جنگ اور خونریزی کی انتہا کردی، آل سعود اور صہیونی حکمران اس کے حامی ہیں اور اس کے تمام حواری اس جیسے جرائم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا صرف یہی مقصد ہے کہ جھوٹ اور منفی پروپیگنڈوں کے ذریعے خود کو سب سے اوپر دیکھائیں اور ان کا خیال ہے کہ جھوٹ اور بہتان تراشیوں سے انھیں کامیابی ملے گی مگر وہ بھی جان گئے ہیں وہ اس امتحان میں ناکام ہیں۔
تہران کے امام جمعہ نے مزید کہا کہ سب نے دیکھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کھڑے ہو کر اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف جھوٹ پہ جھوٹ کہا، مگر دنیا اس پر ہنستی رہی۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ میڈیا یلغار کے ذریعے اپنے جرائم کو چھپانا چاہتا ہے مگر آپ دیکھیں آج ایران کہاں کھڑا ہے اور ایران کی عزت کو دیکھیں، تمام دنیا ایرانیوں کی دیانت داری اور سچائی کو دیکھ رہی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے گیارہویں امام حضرت حسن عسکری علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر تعزیت کا اظھار بھی کیا۔
انہوں نے ملکی حکام پر زور دیا کہ جیسا کہ قائد اسلامی انقلاب نے بارہا ہدایت کی ہے حکام معاشی امور سے متعلق تمام معاملات کو باریک بینی سے دیکھیں اور انھیں حل کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں۔